ایک ماہ میں ریاست میں 722 ڈینگو کے کیسس، عوام کو احتیاط کا مشورہ
حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں مانسون کے آغاز کے ساتھ ہی موسمی بیماریوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ درج کیا گیا جبکہ دیگر موسمی امراض کے شکار افراد بھی دواخانوں سے رجوع ہورہے ہیں۔ وبائی اور موسمی امراض سے متعلق قومی ادارہ کے مطابق تلنگانہ میں جولائی کے دوران 722 ڈینگو کے کیسس درج کئے گئے۔ جنوری تا جولائی جملہ درج کیسس کی تعداد 1800 بتائی جاتی ہے۔ جنوری تا جون 1078 کیسس درج کئے گئے تھے جبکہ جولائی کے اختتام تک یہ تعداد بڑھ کر 1800 ہوچکی ہے۔ درج شدہ کیسس میں 60 فیصد گریٹر حیدرآباد حدود سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ دیگر کیسس کا تعلق کتہ گوڑم، محبوب نگر، کریم نگر، نظام آباد اور کھمم سے ہے۔ گذشتہ برسوں کے مقابلہ ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ 2019 میں 13331 ، 2020 میں 2173 ، 2021 میں 7135 ، 2022 میں 8972 اور 2023 میں 8016 کیسس درج کئے گئے تھے۔ ڈینگو سے بچاؤ کیلئے محکمہ صحت نے عوام میں شعور بیداری مہم کے تحت اڈوائزری جاری کی ہے۔ محکمہ صحت نے کھڑکیوں اور دروازوں پر مچھروں سے بچاؤ کی جالی نصب کرنے اور صبح اور شام کے اوقات میں کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ سیپٹک ٹینکس کو کھلا رکھنے سے مچھروں کی افزائش ہوسکتی ہے۔ 1
چھتوں پر پانی کو جمع ہونے سے روکنا چاہیئے جو مچھروں کی افزائش کا اہم ذریعہ بن سکتے ہیں۔1