گریٹر حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کا موقف مستحکم

,

   

وارڈ اور ڈیویژن کمیٹیوں کا اجلاس، امدادی کام جاری رکھنے کا فیصلہ
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کے صدر انجن کمار یادو نے تمام وارڈس اور ڈیویژن کے قائدین کو ہدایت دی کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ راحت کے کاموں میں حصہ لیں۔ انہوں نے گاندھی بھون میں ڈیویژن کمیٹیوں کا اجلاس منعقد کیا۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات کے پس منظر میں قائدین کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کا موقف مستحکم ہے۔ ہر ڈیویژن اور وارڈ کی سطح پر قائدین اور کارکنوں کو متحرک ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی کا بہتر مظاہرہ رہے گا ۔ شہر کی ترقی میں ناکامی کے سبب عوام ٹی آر ایس حکومت سے ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کی تباہ کاریوں نے ترقی سے متعلق حکومت کے دعوؤں کو مسترد کردیا ہے ۔ حکومت شہر میں 800 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا دعویٰ کر رہی ہے لیکن آج تک ترقیاتی کاموں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں حیدرآباد میں زبردست تباہی ہوئی اور بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔ حکومت کی امداد کو ناکافی قرار دیتے ہوئے انجن کمار یادو نے امدادی پیکیج میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برائے نام امداد تقسیم کر رہی ہے جس سے متاثرین کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امداد کی تقسیم کا کام جاری ہے۔ انہوں نے ڈیویژن سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے قائدین کو لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دی۔