2.20 لاکھ میٹرس کارآمد ، نئے میٹرس لگانے 31 مارچ تک مہلت
حیدرآباد : گریٹر حیدرآباد کے عوام اگر یہ سوچتے ہیں کہ ان کے گھر میں میٹر ہے اور وہ مفت پانی اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں ، تو آپ کا خیال غلط ہے ۔ کیونکہ آپ کے گھر میں جو واٹر میٹر ہے وہ کارآمد ہے یا ناکارہ اس کی اہمیت ہے ۔ حکومت کی مفت پانی اسکیم میں شامل ہونے سوائے سلم بستیوں کے ماباقی علاقوں کیلئے ضروری ہے کہ نل کنکشن کیلئے میٹر لازمی رہے ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس ایم ڈی دانا کشور نے بتایا کہ فی الحال گریٹر حیدرآباد میں 10.8 لاکھ واٹر کنکشنس ہیں ۔ ان میں 1.96 لاکھ نل کنکشنس سلم علاقوں میں ہیں ۔ انہیں واٹر میٹر کی ضرورت نہیں ہے ۔ ماباقی 8 لاکھ کنکشنس میں صرف 2.2 لاکھ واٹر میٹرس کارآمد ہیں ۔ ماباقی کنکشنس ناکارہ ہیں تو وہ 31 مارچ تک درست کرلیں یا میٹر نہیں ہے تو نئے میٹرس لیں ۔ مہلت تک انہیں مفت پانی حاصل ہوگا ۔ مہلت ختم ہوجانے کے بعدان سے آبرسانی بلز جوں کے توں وصول کئے جائیں گے ۔ گریٹر حیدرآباد کے کالونیوں اور دیگر علاقوں میں 7.87 لاکھ نل کے کنکشنس ہیں جنہیں میٹر نہیں ہے ۔ اپارٹمنٹس اور گیٹیڈ کمیونیٹیز میں 24,967 کنکشنس ہیں اس اسکیم پر عمل آوری سے واٹر ورکس بورڈ پر ماہانہ 19.92 کروڑ کا مالی بوجھ عائد ہورہا ہے ۔ حکومت کی مفت پانی کی اسکیم سے صرف گھریلو صارفین کو فائدہ ہوگا ۔ صنعتی اور دوسری تجارتی سرگرمیوں کے نل کنکشنس کیلئے یہ اسکیم عمل نہیں ہوگی ۔ انہیں استعمال کے مطابق بلز ادا کرنا ہوگا ۔ مفت پانی کی اسکیم سے استفادہ کیلئے صارفین اپنا کیان نمبر آدھار سے مربوط کرنے کیلئے واٹر ورکس کے ویب سائیٹ یا قریبی می سیوا مراکز سے رابطہ پیدا کریں ۔ تفصیلات کیلئے کسٹمر کیر 155313 یا 040-23433933 پر ربط پیدا کریں ۔