گریٹر حیدرآباد میں 50 تھیم پارکس کے قیام کا منصوبہ

,

   

اپل میں 6 پارکس کا سنگ بنیاد، پرانے شہر کے بارے میں کوئی اعلان نہیں
حیدرآباد : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے حیدرآباد میں 123 کروڑ کے خرچ سے 50 تھیم پارکس کا قیام عمل میں آئے گا۔ میئر بی رام موہن نے اپل میں 6 تھیم پارکس کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 50 تھیم پارکس کے قیام کا منصوبہ ہے ۔ اپل کے کاپرا سرکل پر 6 تھیم پارکس کو ترقی دی جائے گی ۔ رکن اسمبلی سبھاش ریڈی کے ہمراہ میئر نے سنگ بنیاد رکھا ۔ 6 پارکس پر 16.30 کروڑ کا خرچ آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی اور بنگلور جیسے شہروں سے تھیم پارکس کا ڈیزائن حاصل کیا گیا ہے اور یہ شہر کی ترقی میں اضافہ ثابت ہوگا۔ تھیم پارکس میں عوام کے لئے یوگا کی سہولت رہے گی۔ اس کے علاوہ چہل قدمی کے لئے ٹریک تعمیر کیا جائے گا۔ عوام کے لئے اوپن ایر جم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ مقامی ریسیڈنٹ ویلفیر اسوسی ایشن کو پارک کی نگہداشت کی ذمہ داری دی جائے گی ۔ اے ایس راؤ نگر میں تھیم پارک پر 2.30 کروڑ خرچ کئے جائیں گے جبکہ کشائی گوڑہ 2.50 کروڑ ، ای سی نگر 2.50 کروڑ ، بی این ریڈی نگر 3 کروڑ ، ملا پور پارک 3 کروڑ اور بنڈا بھاوی پارک پر 3 کروڑ خرچ کئے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ میئر نے تھیم پارک کے قیام کے سلسلہ میں پرانے شہر کے علاقوں کا کوئی تذ کرہ نہیں کیا ہے۔ پرانے شہر کی ترقی کے حکومت کی جانب سے بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیں لیکن شہریوں کو پارکس اور دیگر سہولتوں کی فراہمی میں ترقیاتی کاموں کا آغاز نئے شہر کے علاقوں سے کیا جارہا ہے۔