آئندہ ماہ اعتراض داخل کرنے کا موقع، رائے دہی میں حصہ لینے ماسک کا استعمال لازمی
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات سے قبل 15 اسمبلی حلقوں میں 52155 افراد نے اپنے نام فہرست رائے دہندگان میں درج کرائے ہیں۔ 52406 افراد نے اڈریس کی تبدیلی کیلئے درخواست داخل کی ہے۔ 16 نومبر کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائے گا جس میں نئے ناموں کا اضافہ اور تبدیلیاں شامل رہیں گی۔ ناموں اور اڈریس میں تبدیلی کا جائزہ لینے کے بعد رائے دہندے اعتراضات پیش کرسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر ترمیمات کی درخواست دی جاسکتی ہے۔ ناموں کی شمولیت کیلئے فارم 6 جبکہ ناموں کے اخراج کیلئے فارم 7 پُر کیا جانا چاہیئے۔ تفصیلات میں کسی تبدیلی کیلئے فارم 8 اور اندرون حلقہ پتہ کی تبدیلی کیلئے فارم 8A پُر کیا جاسکتا ہے۔ مسودہ فہرست رائے دہندگان میں رہائشی تفصیلات کے سلسلہ میں کوئی اعتراضات ہوں تو انہیں 16 نومبر تا 15 ڈسمبر ویب سائیٹ
www.nvsp.in
پر درج کرایا جاسکتا ہے۔15 اسمبلی حلقوں کے تحت 3977 پولنگ بوتھس ہیں جبکہ 72 پولنگ اسٹیشنوں کا مقام تبدیل کیا گیا ہے۔ 12 پولنگ اسٹیشنوں کے نام تبدیل کئے گئے ہیں۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کو یقینی بنائیں۔ اسی دوران میونسپل کارپوریشن انتخابات میں رائے دہندوں کیلئے ماسک کا استعمال لازمی رہے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ماسک کے بغیر رائے دہی میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کمیشن کی جانب سے پولنگ بوتھس پر ماسک رکھے جائیں گے جو ہنگامی حالات کیلئے ہونگے۔ پولیس و الیکشن ڈیوٹی حکام کو فیس شیلڈ دیا جائے گا جبکہ کاؤنٹنگ مراکز میں متعین عہدیداروں کو پی پی ای کٹس فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ پولنگ بوتھس پر تھرمل اسکیاننگ کا انتظام رہے گا۔ الیکشن کمیشن کورونا قواعد پر سختی سے عمل آوری کا خواہاں ہے۔