900 سرویرس کی ضرورت، سروے کیلئے عملہ مختص کرنے پڑوسی اضلاع کے کلکٹرس کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی کی جانب سے اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پرجاپالنا پروگرام کے دوران سرکاری اسکیمات کیلئے وصول ہوئی درخواستوں کی جانچ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن المبرتی نے درخواستوں کی جانچ کا کام جلد سے جلد مکمل کرنے کی زونل کمشنرس کو ہدایت دی ہے۔ درخواستوں کی بنیاد پر گھر گھر سروے کرتے ہوئے درخواست گذار اس اسکیم کیلئے اہل ہے یا نہیں اس کی نشاندہی کرنے پر زور دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے حال میں رسم اجراء کردہ ’’اندرماں اللو‘‘ موبائیل ایپ میں تفصیلات درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں سروے مکمل کرنے کیلئے 900 سرویئرس کی ضرورت ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے اضلاع رنگاریڈی، حیدرآباد، میڑچل، ملکاجگری، سنگاریڈی کے کلکٹرس اور کنٹونمنٹ بورڈ سی ای او کو جی ایچ ایم سی نے مکتوب روانہ کیا ہے۔ حکومت ہر اسمبلی حلقہ میں پہلے مرحلہ میں 3500 مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق جی ایچ ایم سی کے حدود میں شامل 24 اسمبلی حلقوں میں 84 ہزار مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پرجاپالنا پروگرام میں مکانات کیلئے جملہ 10,70,446 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ جی ایچ ایم سی نے ڈیویژن سطح پر درخواستوں کو تقسیم کرتے ہوئے سروے کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ تمام درخواستوں کا ایک ماہ میں جائزہ لینے کیلئے 900 عملے کی ضرورت ہے۔ جی ایچ ایم سی کے 409 عملے کو سروے کرنے کی ذمہ داری سونپی جارہی ہے۔ مزید 488 عملے کو متذکرہ اضلاع سے طلب کیا جارہا ہے۔ بہت جلد سرویرس کو موبائل ایپ کے استعمال کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔2