گریٹر حیدرآباد کی توسیع میں اہم پیشرفت

   

آوٹر رنگ روڈ کے قریب تک 51 گاوں ، 13 میونسپلٹیز میں ضم
آرڈیننس کی اجرائی ، 3 اضلاع کا احاطہ
حیدرآباد 3 ستمبر ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد کی توسیع کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جی ایچ ایم سی کو توسیع دینے کا پہلے ہی اعلان کیا ہے ۔ آوٹر رنگ روڈ تک جی ایچ ایم سی کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ شہر کی ترقی کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا جاسکے ۔ حالیہ اسمبلی سیشن میں بھی چیف منسٹر نے گریٹر حیدرآباد کی ترقی کے تعلق سے کئی منصوبوں پر روشنی ڈالی ہے ۔ اس تناظر میں آوٹر رنگ روڈ کے حدود سے متصل 51 گاوں کو اس سے متصل میونسپلٹیز میں ضم کرکے حکومت نے قانون بلدی نظم و نسق ترمیمی آرڈیننس 2024 کو جاری کیا ہے ۔ اس سلسلے میں جی او ایم ایس نمبر 73 جاری کیا گیا جس کے بعد ان گاؤوں میں گرام پنچایت نہیں رہیں گے اور نہ گرام پنچایت کے انتخابات ہونگے ۔ بعد ازاں ان میونسپلٹیز کو جی ایچ ایم سی میں شامل کیا جائے گا ۔ اس کیلئے نئی قانون سازی کی تیاری کی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ ضم کردہ ان 51 گاوں میں اکثریت ضلع میڑچل کے حدود کی ہے ۔ ضلع کے 23 گاؤں کو 7 میونسپلٹیز میں ضم کیا گیا ہے ۔ اس طرح رنگاریڈی کے 11 گاوں کو 4 میونسپلٹیز میں سنگاریڈی کے 11 گاؤں کو 2 میونسپلٹیز میں ضم کیا گیا ہے ۔ ان گاؤں کو میونسپلٹیز میں ضم کرنے کے بعد آوٹر رنگ روڈ تک اس کی توسیع ہوگی اور ان گاؤں کی تیز ترقی ہوگی ۔ ابھی تک ان گاؤں میں کوئی ٹیکس نہیں تھا ۔ انضمام کے بعد ٹیکس عائد ہونے کا اندیشہ ہے ۔ 2