گریٹر حیدرآباد کے انتخابات میں ٹی آر ایس اپنی سنچری مکمل کرے گی

   

تنہا اکثریت کے ساتھ مئیر کے عہدہ پر قبضہ ہوگا ، کے ٹی آر نے ارکان اسمبلی کو سروے رپورٹ پیش کی
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر جی ایچ ایم سی میں سیاسی حالت ٹی آر ایس کے حق میں ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام سروے پارٹی کے حق میں اور ٹی آر ایس اس مرتبہ انتخابات میں اپنی سنچری مکمل کرے گی ۔ کے ٹی آر نے جی ایچ ایم سی کے حدود میں شامل ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کا پرگتی بھون میں اجلاس طلب کرتے ہوئے تازہ صورتحال اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور تازہ سیاسی صورتحال پر ارکان اسمبلی سے تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی کارکردگی سے گریٹر حیدرآباد کے عوام پوری طرح مطمئن ہیں ۔ پانچ ایجنسیوں سے سروے کرائے گئے ہیں جو تشفی بخش ہیں ۔ 150 کے منجملہ 100 سے زائد ڈیویژنس پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگا ۔ عوام سے سروے میں کیے گئے سوالات اور ان کے جوابات کو رپورٹ کی شکل دیتے ہوئے کے ٹی آر نے ارکان اسمبلی کو پیش کی جن ڈیویژنس میں عوام کی ناراضگی اور اختلاف رائے ہے اس کا جائزہ لیتے ہوئے کارپوریٹرس کو متحرک کرنے کا مشورہ دیا اور خود ارکان اسمبلی کو بھی عوام کے درمیان پہونچکر جو بھی غلط فہمیاں ہیں اس کو دور کرنے کی ہدایت دی ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے ارکان اسمبلی کو یقین دلایا کہ اکثر ڈیویژنس میں پارٹی کی کامیابی کو کوئی دھوکہ نہیں ہے اور مئیر کا عہدہ حاصل کرنے کے لیے ٹی آر ایس کو تنہا اکثریت حاصل ہوگی ۔ ٹی آر ایس کو کسی کی تائید پر انحصار کرنے کی ضرورت بھی نہیں رہے گی ۔ یہاں تک کوآپشن امیدواروں کی بھی تائید کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ کے ٹی آر نے جن ڈیویژنس میں ٹی آر ایس کا موقف کمزور ہے وہاں پر بہت زیادہ کام کرنے کا ارکان اسمبلی کو مشورہ دیا ۔ وہاں پر کیا کرنے پر ٹی آر ایس کے امیدوار کامیاب ہوں گے اس کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ کے ٹی آر نے آئندہ دو ہفتوں کے بعد دوبارہ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ۔۔