گریٹر حیدرآباد کے برقی دفاتر میں 410 الکٹرانک چارجنگ سنٹرس قائم کرنے کی تجویز

   

محکمہ برقی کے عہدیداروں کی ٹی ایس ریڈکو سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد میں الکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی اور ضرورت کے مطابق چارجنگ سنٹرس قائم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر محکمہ برقی کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ شہر کے 410 مقامات پر الکٹرانک وہیکل چارجنگ اسٹیشنس قائم کئے جارہے ہیں ۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں کی جانب سے اس سلسلہ میں تلنگانہ ریڈکو کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے تمام سب اسٹیشنس ، زونل ، سرکل ، ڈی ای ، اے ای ، ای آر اوز کے دفاتر میں عصری ٹکنالوجی سے مربوط چارجنگ اسٹیشنس ( پی پی پی ) سسٹم کے تحت قائم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ ان دفاتر میں گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے بڑے پیمانے میں جگہ کے لحاظ سے چار یا اُس سے زائد چارجنگ پوائنٹس قائم کرنے کے امکانات ہیں ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد عوام الکٹرانک گاڑیوں کی طرف متوجہ ہورہے ہیں اور الکٹرانک گاڑیوں کی خرید و فروخت میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ جس کے پیش نظر حکومت اور خانگی ادارے الکٹرانک چارجنگ سنٹرس قائم کرنے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ۔ حکومت الکٹرانک گاڑیوں کو چلانے کی بڑے پیمانے پر حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ اسی کے حصہ کے طور پر حکومت نے الکٹرانک گاڑیوں کو رجسٹریشن اور روڈ ٹیکس سے استثنیٰ دیا ہے ۔ شہر میں چند آئی ٹی کمپنیوں کی جانب سے چارجنگ پوائنٹس قائم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ چند میٹرو اسٹیشنس میں چارجنگ سنٹرس قائم کئے گئے ہیں ۔ الکٹرانک گاڑیوں کے لیے گریٹر حیدرآباد اہم مرکز میں تبدیل ہوگیا ہے کیوں کہ ریاست کے نصف فیصد گاڑیاں گریٹر حیدرآباد میں موجود ہیں ۔ مستقبل میں ان کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کے پیش نظر حکومت اور خانگی اداروں کی شراکت سے چارجنگ سنٹرس کا جال پھیلایا جارہا ہے ۔۔ ن