گریٹر حیدرآباد کے حدود میں مزید 155 نئے ٹریفک جنکشنس

   

ڈسمبر تک پراجکٹ کی تکمیل کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات، 59 کروڑ روپئے کے مصارف

حیدرآباد ۔ 4 ستمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر حیدرآباد میں بڑھتی ہوئی گاڑیوں کی تعداد کے لحاظ سے ٹریفک جنکشنس قائم کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ فی الحال شہر میں موجود 221 ٹریفک سگنلس کو عصری بنانے کے اقدامات کرنے کے علاوہ مزید 155 ٹریفک سگنلس قائم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جس پر 59 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ جاریہ سال کے اواخر ڈسمبر تک اس کی تکمیل کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں 221 مقامات پر ٹریفک سگنلس کا نظام موجود ہے جو حیدرآباد کے حدود میں 155، سائبرآباد کے حدود میں 41 اور رچہ کنڈہ کے حدود میں 25 سگنلس شامل ہیں۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ان سگنلس کو عصری تقاضوں سے لیس کرتے ہوئے آٹومیٹک بنادیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مزید 155 ٹریفک اور 100 فیلکان (پیدل چلنے والوں) کیلئے سگنلس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ حیدرآباد کے حدود میں سائبرآباد کے حدود میں 50 اور رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں 25 نئے سگنلس قائم کرنے کی عہدیداروں کی جانب سے نشاندہی کی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی انجینئرنگ شعبہ کے عہدیداروں نے بتایا اس کام کی ذمہ داری آئی بی آئی گروپ کو سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی صورتحال، اسکول زون، لیفٹ، رائٹ اس طرح 1300 مقامات پر ٹریفک سائن بورڈس بھی لگائے جارہے ہیں۔ N