گریٹر حیدرآباد کے لنگوجی گوڑہ وارڈ میں ضمنی چناؤ کی تیاریاں

   

حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے بعد پھر ایک مرتبہ ٹی آر ایس اور بی جے پی مقابلہ کی تیاری کررہے ہیں۔ یہ مقابلہ کارپوریشن کی لنگوجی گوڑہ نشست کیلئے ہوگا جہاں ڈسمبر 2020 میں بی جے پی امیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم کارپوریٹر کی حیثیت سے حلف لینے سے قبل منتخب امیدوار اے رمیش گوڑ کا دیہانت ہوگیا تھا۔ اس نشست کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان پھر ایک مرتبہ دلچسپ مقابلہ کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں بی جے پی نے 48 نشستوں پر کامیابی کے ذریعہ ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا تھا جبکہ ٹی آر ایس کی نشستیں 99 سے گھٹ کر 56 ہوگئیں۔ بی جے پی اس نشست پر دوبارہ قبضہ کرنے کی تیاری کرچکی ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے دیگر مجالس مقامی کے ساتھ لنگوجی گوڑہ وارڈ کے انتخابات کا فیصلہ کیا ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق وارڈ کی سطح پر فوٹو فہرست رائے دہندگان شائع کی جاچکی ہے اور اعتراضات کی یکسوئی کا کام 9 اپریل کو مکمل ہوگیا۔ کمیشن کے شیڈول کے مطابق قطعی فہرست رائے دہندگان تیار ہوچکی ہے۔
پولنگ بوتھس کو قطعیت دینے کا کام 15 اپریل سے قبل مکمل کرلیا جائے گا۔ لنگوجی گوڑہ وارڈ میں بی جے پی کے امیدوار کو 10340 ووٹ حاصل ہوئے تھے جبکہ ٹی آر ایس امیدوار سرینواس راؤ کو 7529 ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ کانگریس امیدوار راج شیکھر ریڈی نے 4007 ووٹ حاصل کئے۔