گریٹر حیدرآباد کے ہر گھر میں سردی ، بخار ، کھانسی کا سروے کرنے ٹیمیں تشکیل

   

چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس ، ہوم آئسولیشن میں رہنے والوں میں 10 لاکھ میڈیکل کٹس تقسیم کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد :۔ حکومت نے گریٹر حیدرآباد میں کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر تمام گھروں میں سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور ساتھ ہی کورونا سے متاثر ہو کر ہوم آئیسولیشن میں علاج کروانے متاثرین میں 10 لاکھ کورونا کٹس تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میں کورونا کو کنٹرول کرنے کے لیے چیف سکریٹری سومیش کمار نے جی ایچ ایم سی کے زونل کمشنرس اور ڈپٹی کمشنرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا ہے اور انہیں ہدایت دی کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں شامل تمام گھروں کا سروے کرنے کے لیے مختلف ٹیمیں تیار کریں اور ہر ٹیم میں بلدیہ کے 2 عملہ 2 اے این ایم اور 2 آشا ورکرس کو شامل کرتے ہوئے ہر گھر کا سروے کریں اور گھر میں کسی کو بخار ، سردی ، کھانسی کے علاوہ کورونا کے علامتیں موجود ہیں تو اس کی نشاندہی کریں اور ان کی صحت پر خصوصی توجہ دیں اگر ضرورت پر ان کی پرائمری ہیلت سنٹرس ، شہری طبی مراکز اور بستی دواخانوں میں ان کا علاج کرائے اور ساتھ ہی ٹسٹ بھی کرائے ۔ کورونا سے متاثر ہو کر ہوم آئسولیشن میں رہنے والے مریضوں کو بھی میڈیکل کٹس فراہم کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ سرکاری و خانگی اداروں میں ٹسٹ کرانے اور نتیجہ پازیٹیو برآمد ہونے والے تمام متاثرین کو میڈیکل کٹس فراہم کرنے کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ محکمہ صحت کے پاس فی الحال 3 لاکھ میڈیکل کٹس ہیں ۔ مزید 4 لاکھ کٹس دو تین دن میں حاصل ہوجائیں گے ۔ مزید 3 لاکھ کٹس کے لیے ٹی ایس ایم ایس آئی ڈی سی نے آڈر کردیا ہے ۔ ہر کٹ میں وٹامن سی ، جینک ، بی کامپلکس ٹیابلٹس ، سنیٹائزر بوتل ، کپڑے کے ماسک ، لکیوڈ ہینڈ واش ، ہاتھ کے گلوز ، سوڈیم ہائی پوکلارائیڈ وغیرہ دستیاب رہیں گے ۔۔