گریٹر حیدرآباد کے 13 مقامات پر لنک روڈس تعمیر کرنے کا منصوبہ

   

232.62 کروڑ روپیوں کا خرچ ، مختلف مقامات کو جوڑنے کی مساعی ، 22 کیلو میٹر سڑکوں کی تعمیرات
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد میں ٹریفک مسائل حل کرنے اور اہم سڑکوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو کم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر لنک روڈس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ( ایچ آر ڈی سی ایل ) کی جانب سے لنک روڈس کی بڑے پیمانے پر تعمیرات کی جارہی ہیں ۔ دور دراز علاقوں کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کے لیے خالی اراضیات ، کالونیوں کا احاطہ کرتے ہوئے 22 وسیع سڑکیں ابھی تک تعمیر کی گئی ہیں جس سے ولیٹ کاریڈار میں ٹریفک کے مسائل بڑے حد تک حل ہوئے ہیں ۔ پہلے مرحلے کے کاموں کی تکمیل کے بعد دوسرے مرحلے میں 232.62 کروڑ روپئے کے خرچ سے 13 مقامات پر 21.98 کیلو میٹر تک لنک روڈ کی تعمیرات کا آغاز کیا گیا ہے ۔ دو دن قبل ہی دو لنک روڈس کی تعمیرات کے لیے 33.14 کروڑ روپئے تخمینہ کے ساتھ ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں ۔ کرانتی ونم لے آوٹ تا بھاگیہ لکشمی لے آوٹ سے نارنے روڈ کو مربوط کرنے کے لیے 2.40 کیلو میٹر تک کاموں کے لیے 12 کروڑ روپئے کا نلگنڈہ رانا پرتاپ ٹاور سے جی ایچ ایم سی شیر لنگم پلی زونل آفس تک 1.80 کیلو میٹر کاموں کے لیے 21.34 کروڑ روپئے کے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ بنجارہ ہلز ، عنبر پیٹ ، راجندر نگر کے حدود میں لنک روڈس کی تعمیرات کے لیے بھی ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں ۔ تقریبا 60 کروڑ روپئے کے کاموں کا اکٹوبر کے اواخر میں آغاز کرتے ہوئے ایک سال میں تکمیل کرنے کی ایچ آر ڈی سی ایل نے منصوبہ بندی تیار کی ہے ۔۔ ن