بوتھ سطح کے عہدیداروں کا تقرر، کئی ہزار درخواستوں کا ادخال
حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے مطابق فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی مہم کا ریاست بھر میں مثبت ردعمل دیکھا گیا ہے۔ خصوصی مہم کے تحت تاحال 132036 رائے دہندوں نے اپنے نام فہرست میں شامل کرائے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں فارم 6 کے ذریعہ ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد نے اپنے ناموں کی شمولیت کی درخواست دی۔گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 15 اسمبلی حلقہ جات میں عوام نے غیر معمولی ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں فارم 7 کے تحت 15044 درخواستیں داخل کی گئیں جس کے تحت ناموں کی شمولیت یا پھر اخراج کی درخواست کی گئی۔ فارم 8 کے تحت 42640 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں ایڈریس کی تبدیلی یا پھر موجودہ انٹری میں درستگی کی درخواست کی گئی۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں دو روزہ خصوصی مہم کے دوران جملہ 2476 افراد نے فارم 6 کے تحت ناموں کی شمولیت کی درخواست دی۔ 29 درخواستیں فارم 7 کے تحت داخل کی گئیں۔ فارم 8 کے تحت 476 درخواستیں موصول ہوئیں تاکہ موجودہ انٹریز میں درستگی کی جائے۔