گریٹر حیدرآباد میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری

,

   

ہر سرکل میں فلائنگ اسکواڈ اور سرویلنس، رقم، شراب، ہتھیاروں پر سخت نظر

حیدرآباد :۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی عمل آوری پر سختی سے عمل آوری کے لیے ہر سرکل میں فلائنگ اسکواڈ اور اسٹاٹک سروئیلانس ٹیم ( ایس ایس ٹی ) کو قائم کرتے ہوئے احکامات جاری کردئیے گئے ۔ جی ایچ ایم سی الیکشن آفیسر و کمشنر بلدیہ لوکیش کمار نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کردئیے ۔ ہر فلائنگ اسکواڈ ٹیم میں ایک عہدیدار اور تین تا 4 پولیس ملازمین اور ویڈیو گرافر موجود رہے گا ۔ اس طرح اسٹاٹک سروئیلانس ٹیم میں بھی ایک عہدیدار تین تا 4 پولیس ملازم اور ویڈیو گرافر موجود رہے گا ۔ الیکشن آفیسر نے 30 ٹیموں کو قائم کیا گیا ہے ۔ یہ ٹیمیں انتخابی عمل کے دوران رائے دہندوں میں رقم کی تقسیم ، شراب کی تقسیم ، مقررہ حد سے زیادہ رقم کے خرچ اور غیر سماجی سرگرمیوں پر نظر رکھیں گے ۔ اس کے علاوہ غیر مجاز طور پر ہتھیاروں کو رکھنے والوں کے خلاف بھی فوری کارروائی ہوگی ۔ بلدی حکام کے مطابق فلائنگ سروئیلانس ٹیم امیدواروں کی جانب سے منعقد ہونے والے جلسہ اور ریالیوں کی ویڈیو گرافی انجام دے گی ۔ انتخابی امور کے اختتام تک یہ ٹیمیں 24 گھنٹے اپنی خدمات انجام دیں گی ۔ بلدی حکام کے مطابق ایس ایس ٹی اور فلائنگ اسکواڈ ٹیموں کو ایک دوسرے سے منسلک کیا گیا ہے ۔ کسی بھی قسم کی شکایت یا پھر خلاف ورزی پر جہاں فلائنگ اسکوڈ کی ٹیم فوری طور پر پہونچ نہیں سکتی اس مقام پر اسٹاٹک سروئیلانس ٹیم کو چوکس کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی خدمات کو انجام دے سکیں ۔ بلدی حکام کے مطابق ایس ایس ٹی ٹیم میں ایک مجسٹریل سطح کے عہدیدار کے علاوہ پولیس بھی شامل رہے گی ۔ یہ ٹیمیں چیک پوسٹ اور اہم چوراہوں پر چوکس رہے گی ۔۔