حیدرآباد : محکمہ بلدی نظم و نسق نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے تحت اسٹارم واٹر ڈرین سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے 858 کروڑ کے تعمیری کاموں کو منظوری دی ہے۔ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے جی او آر ٹی 286 کے ذریعہ گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں تالابوں، جھیلوں اور ذخائر آب کے تحفظ کے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ اکٹوبر 2020 ء میں طوفانی بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں شہر کے مختلف علاقوں خاص طور پر نشیبی علاقوں کے 40 ہزار خاندان متاثر ہوئے تھے۔ اسٹارم واٹر ڈرینج سسٹم میں خرابی اور نالوں اور تالابوں پر ناجائز قبضوں کی صورت میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نالوں کے تحفظ کے لئے حکومت نے نالہ ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت نہ صرف اسٹارم واٹر ڈرینج بلکہ نالوں کی توسیع کا کام انجام دیا جائے گا۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ترجیحی بنیادوں پر کاموں کی تکمیل کا اختیار دیا گیا ہے۔ مختلف پیاکیجس کے تحت کاموں کی منظوری دی گئی۔ سکندرآباد، کوکٹ پلی، ایل بی نگر، خیریت آباد، چارمینار، شیرلنگم پلی، میرپیٹ، جل پلی اور نظام پیٹ زونس میں مختلف کاموں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ چارمینار زون کے تحت ایرہ کنٹہ، سنگارینی کالونی، اپاچیرگو کو اس پروگرام کے تحت شامل کیا گیا۔ تالابوں اور جھیلوں کے آبگیر علاقوں میں ناجائز قبضوں کے نتیجہ میں پانی کی نکاسی میں دشواری ہورہی ہے۔