گریٹر حیدرآباد کیلئے مانسون ایکشن پلان تیار کیا جائے

   

کے ٹی آر عوامی خدمت کجریوال سے سیکھیں ، جی نارائن ریڈی کا مشورہ
حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان جی نارائن ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ گریٹر حیدرآباد کے لئے مانسون ایکشن پلان کا اعلان کرے اور شہر کو مزید تباہی سے بچانے کے اقدامات کرے۔ نارائن ریڈی نے کہاکہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ابھی تک مانسون ایکشن پلان تیار نہیں کیا ہے جبکہ آئندہ تین ہفتوں میں مانسون کا آغاز ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ نہ ہی اسٹرام واٹر ڈرین کی صفائی کی گئی اور نہ ہی بارش کے پانی کی نکاسی کی راہ ہموار کی گئی۔ شہر میں جب کبھی اچانک بارش ہوتی ہے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن بے نقاب ہوجاتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ شہر میں آج بھی کئی علاقے معمولی بارش کی صورت میں زیرآب آجاتے ہیں۔ کے سی آر حکومت گزشتہ 6 برسوں سے شہر کی ترقی کے بارے میں عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ شہر میں زیرزمین ڈرین سسٹم نظام دور حکومت کا ہے جو آج بھی کارکرد ہے۔ حکومت نے 2020-21 ء کے دوران 10 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرنے کا اعلان کیا لیکن آج تک ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا گیا۔ اُنھوں نے حکومت سے وضاحت طلب کی کہ آیا یہ رقم موجود ہے یا پھر کورونا سے نمٹنے کے لئے خرچ کردی گئی۔ اُنھوں نے کے ٹی راما راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ نئی دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال سے عوام کی خدمت کے بارے میں سیکھیں۔