گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ٹیکہ اندازی کے 100 مراکز

   

حیدرآباد : شہر حیدرآباد میں 18 سال عمر مکمل کرنے والوں کو ٹیکہ دینے کی مہم میں تیزی پیدا کردی گئی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے 100 کورونا مراکز پر 18 سال عمر مکمل کرنے والوں کو ٹیکے دینے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے بتایا کہ ریاست میں کورونا کی ٹیکہ اندازی مہم میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔ ایک ماہ تک عوام سے زیادہ رابطے میں رہنے والے سوپر اسپائیڈرس کا انتخاب کرتے ہوئے انھیں تین مرحلوں میں ٹیکے دیئے گئے ہیں۔ اب 18 سال عمر مکمل کرنے والوں کو ٹیکے دیئے جارہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ صبح 9 تا سہ پہر 3 بجے شہر کے 100 مراکز پر ٹیکہ لینے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے 18 سال عمر مکمل کرنے والے افراد کو مفت ٹیکے دیئے جارہے ہیں۔ اروند کمار نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ پہلے کووین پورٹل میں ٹیکہ اندازی کے لئے رجسٹریشن کرائیں۔ پھر کورونا ویکسین سنٹرس پہونچ کر ٹیکہ لیں۔ پہلے سے رجسٹریشن کرانے والوں کے لئے کوئی انتظار کرنا نہیں پڑے گا۔ انھوں نے عوام کو اپنے قریبی کورونا ویکسین کے مرکز کو پہونچ کر ٹیکہ لینے کا مشورہ دیا۔