گریٹر نوئیڈا میں ذبیحہ گاؤ کی افواہیں ، کنٹراکٹر پر اشرار کا حملہ

   

Ferty9 Clinic

بشمول خاتون 5 ملزمین گرفتار ، مردہ گائیوں کو ٹھکانے لگانے بلدیہ کی اجازت کے باوجود شرانگیزی
نوئیڈا ۔ 10 اگست (سیاست ڈاٹ کام) غازی آباد میونسپل کارپوریشن کیلئے کام کرنے والی ایک کنٹراکٹر پر گریٹر نوئیڈا میں ہجوم نے ان افواہوں کی بنیاد پر حملہ کردیا کہ وہ ذبیحہ گاؤ منتقل کررہا ہے۔ پولیس نے کہا کہ پانچ حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق کنٹراکٹر مہیندرا 3 گائیوں اور 2 بچھڑے کے ڈھانچوں کے علاوہ گائے کے 12 بچھڑوں کو لے جارہا تھا کہ جمعہ کو تقریباً 9 بجے شب گور سٹی راؤنڈ اباؤٹ کے پاس ہجوم نے اس کو حملے کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ ’’کنٹراکٹر متعلقہ حکام کی اجازت سے اپنی گاڑی میں مردہ جانوروں کو منتقل کررہا تھا۔ اس کی گاڑی سے ایک ٹرالی منسلک کی گئی تھی جس میں مردہ جانوروں کو دریائے چیجارسی کے قریب ٹھکانے لگانے کیلئے ڈالا گیا تھا‘۔ ترجمان نے مزید کہا کہ چند غیرسماجی عناصر نے گور سٹی کے قریب اس گاڑی کو روک لیا اور اس کو اس کے شیشے توڑتے ہوئے نقصان پہنچایا۔ بعدازاں گاڑی کو اُلٹ دیا گیا۔ انہوں نے ڈرائیور پر بھی حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو مویشی ایک غیرسرکاری تنظیم کے صدر اور دہلی ہائیکورٹ کے ایک وکیل کے تھے، دونوں نے پولیس سے کہا تھا کہ ان کے مویشی فوت ہوگئے ہیں اور وہ غازی میونسپل کارپوریشن کے کنٹراکٹر کے ذریعہ ان مویشیوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے منتقل کررہے ہیں۔ پولیس عہدیدار نے کہا کہ ’اجازت کے باوجود غیرسماجی عناصر نے گائیوں کو ذبح کئے جانے کی اطلاعات پھیلاتے ہوئے کنٹراکٹر پر حملہ کردیا۔ پولیس نے کہا کہ بشمول خاتون پانچ ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان کے خلاف ترمیم شدہ فوجداری قانون کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مفرور ملزمین کی تلاش جاری ہے جنہیں بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔