ٹریفک خلاف ورزی پر پوائنٹس کٹیں گے ، خلاف ورزی پر لائسنس کی منسوخی
حیدرآباد : 27فبروری ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت ملک میں سڑک حادثات میں نمایاں کمی لانے اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کو فروغ دینے کیلئے گریڈ پوائنٹ پر مبنی ڈرائیونگ لائسنس سسٹم متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے ۔ اس نئے نظام کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی جس میں لائسنس کی معطلی اور مستقل منسوخی بھی شامل ہے ۔ مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نتن گڈکری نے سی آئی ٹی کے زیراہتمام روڈ سیفٹی سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہر سال تقریباً 5لاکھ سڑک حادثات پیش آتے ہیں جن میں 1.8لاکھ افراد جان گنوا دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاپرواہ ڈرائیونگ ، تیز رفتاری ، غلط سمت میں گاڑی چلانا ، نشہ کی حالت میں ڈرائیونگ اور موبائیل فون کا استعمال حادثات کی بڑی وجوہات ہیں ۔ گڈکری نے واضح کیا کہ حکومت عوام کی زندگیوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور روڈ سیفٹی کیلئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے پہلے ہی بڑھائے جاچکے ہیں ، تاہم اصل مسئلہ قوانین پر موثر عمل درآمد کا ہے ۔ لوگوں میں قانون کا خوف اور احترام پیدا کرنا ضروری ہے ۔ نئے مجوزہ نظام کے تحت ہر ڈرائیونگ لائسنس کی ابتداء میں مخصوص گریڈ پوائنٹس دیئے جائیں گے ۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کچھ پوئنٹس منہا کئے جائیں گے ، اگر مجموعی پوائنٹس صفر ہوجائیں تو متعلقہ شخص کا لائسنس چھ ماہ کیلئے معطل کردیا جائے گا ۔ بار بار خلاف ورزی کی صورت میں لائسنس کی مستقل منسوخی بھی کی جاسکتی ہے ۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ اس نظام کو جلد نافذ کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ ملک میں سڑک حادثات کو کم کیا جاسکے اور ٹریفک نظم و ضبط کو مضبوط بنایا جاسکے ۔ 2