گزشتہ تمام انتخابات میں روٹی ، کپڑا اور مکان جیسے مسائل سے گریز کیا گیا : گورنر ستیہ پال

   

سرینگر ۔ /15 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جمعرات کو یہاں 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر ترنگا لہراتے ہوئے جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ دفعہ 370 کو کالعدم قرار دینے سے اور نہ ہی ریاست کے خصوصی موقف کی برخاستگی میں یہاں کے عوام کی شناخت کو کوئی خطرہ لاحق ہوا ہے اور نہ ہی اس پر کوئی دست درازی کی گئی ہے ۔ ملک نے مرکز کے اس اقدام کو ’’تاریخی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ریاست کی ترقی کے نئے دروازے کھل جائیں گے اور یہاں کی رہنے والی مختلف برادریوں کی زبانوں اور تہذیبوں کو فروغ حاصل ہوگا ۔ ملک نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ گزشتہ تمام انتخابات میں روٹی ، کپڑا اور مکان کے مسائل زیربحث نہیں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 سال میں لوگوں کو معاشی ترقی ، امن و امان اور خوشحالی جیسے مسائل سے دور رکھا گیا اور ان کی توجہ کو ایسے مسائل پر مرکوز کیا گیا جن سے ان کی زندگیوں کا کوئی تعلق نہیں تھا ۔ ستیہ پال شیرکشمیر اسٹیڈیم میں یوم آزادی کے موقع پر تقریر کررہے تھے ۔