گزشتہ سال سعودی کی دو لڑکیوں نے خودکشی کی تھی : طبی رپورٹ

   

نیویارک۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیویارک کے دریائے ہڈسن کے کنارے دو سعودی لڑکیوں کی نعشیں ایسی حالت میں ملی تھیں کہ دونوں کے جسم ٹخنوں اور کمر کے ذریعہ ایک دوسرے سے بندھے ہوئے تھے۔ 22 سالہ روتانا فاریہ اور اس کی 16 سالہ بہن طلحہ کی نعشیں گزشتہ سال اکتوبر میں دریائے ہڈسن کے کنارے پر ملی تھیں، تاہم ان کے جسم پر کسی بھی نوعیت کی تکلیف یا اذیت کی علامات نہیں پائی گئیں جبکہ جسم پر سیاہ کپڑے تھے اور کالرس میں فر کا استعمال کیا گیا تھا۔ ان کی نعشوں کو ٹخنوں اور کمر سے ایک ٹیپ کے ذریعہ باندھ دیا گیا تھا۔ دریں اثناء چیف میڈیکل ایگزامنر باربرا سیمپسن نے کہا کہ نعشوں کی جانچ کے بعد یہ کہنا پڑتا ہے کہ ان دونوں نے خودکشی کی تھی جس سے قبل دونوں نے ایک دوسرے کو ٹیپ سے باندھ لیا تھا۔ دوسری طرف ایک پولیس آفیسر نے یہ بھی بتایا کہ دونوں بہنوں نے امریکہ میں پناہ حاصل کرنے کی درخواست بھی داخل کر رکھی تھی۔ پولیس آفیسر نے مزید تفصیلات نہیں بتائی۔