نئی دہلی، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ پانچ برسوں میں افراط زر میں کمی کا رجحان قائم ہے اور 2018-19 میں کم ہوکر 3.4 فیصد رہ گئی ۔پارلیمنٹ میں آج پیش کئے گئے اقتصادی جائزہ 2018-19 میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران معیشت نسبتازیادہ مستحکم اور کم مہنگائی کی طرف بڑھتی رہی ہے ۔ صارفین کی قیمت انڈیکس پر مبنی خوردہ افراط زر کی شرح گزشتہ پانچ برسوں سے مسلسل کم ہوتی جارہی ہے ۔ یہ سال 2017-18 کے 3.6 فیصد، سال 2016-17 کے 4.5 فیصد، سال 2015-16 کے 4.9 فیصد اور 2014-15 کے 5.9 فیصد سے گھٹ کر سال 2018-19 میں 3.4 فیصد کی سطح پر آ گئی۔ صارفین کی خوراک کی قیمت پر انڈیکس پر مبنی مہنگائی شرح میں مالی سال 2018-19 کے دوران 0.1 فیصد کی کمی آئی۔اقتصادی جائزے کے مطابق تھوک قیمت انڈیکس پر مبنی مہنگائی کی شرح سال 2016-17 کے 1.7 فیصد، سال 2015-16 کے 3.7 فیصد منفی اور سال 2014-15 کے 1.2 فیصد کے مقابلے میں سال 2017-18 میں 3.0 فیصد کی سطح پر قائم رہی۔ مالی سال 2018-19 کے دوران 4.3 فی صد کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔مہنگائی کو کنٹرول میں رکھنا اب پالیسی پر مبنی توجہ ایک اہم نکتہ ہے ۔ حکومت نے افراط زر کو کنٹرول کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں۔