گزشتہ 24 گھنٹے میں 21 ہزار نئے کورونا کیسز سے ملک میں دہشت

,

   

24 گھنٹوں میں صحت یاب مریضوں کی تعداد بھی 20 ہزار سے زائد ، 15 اگست کو’’کوویکسن‘ ‘کو لانچ کرنے کی تیاری
نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا انفیکشن کا پھیلاؤ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے میں ریکارڈ 20903 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس سے قبل ایک دن میں نئے کیسز کی تعداد 20 ہزار سے نیچے ہی رہی تھی۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ فی الحال کورونا بے قابو ہے اور اگر جلد اس پر کنٹرول نہیں کیا گیا تو حالات انتہائی خراب ہو جائیں گے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اچھی بات صرف یہ رہی کہ کورونا وبا میں مبتلا مریضوں میں پہلی بار 20 ہزار سے زیادہ افراد اس انفیکشن سے پاک بھی ہو گئے۔صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جمعہ کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20032 مریض انفیکشن سے پاک ہوچکے ہیں، جو ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے، جنہیں ملاکر 379892 افراد صحتمند ہوگئے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں میں سے بیشتر کا تعلق مہاراشٹر، تمل ناڈو اور دہلی سے ہے۔ مہاراشٹرا میں 8018 افراد، تمل ناڈو میں 3095 مریض اور دہلی میں 3015 مریض انفیکشن سے پاک ہوئے ہیں۔ ان تینوں ریاستوں میں بھی متاثرہ افراد کی تعداد ملک کے حصوں کے مقابلے سب سے زیادہ ہے۔ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے ریکارڈ 20903 نئے معاملوں کے ساتھ متاثرہ افراد کی کل تعداد 625544 ہوگئی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 379 افراد اس انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں جس سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 18213 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا انفیکشن کے 227439 فعال کیس ہیں۔ کورونا وبا نے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹرا میں، پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے 6328 اور 125 اموات کی اطلاع ملی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 186626 جبکہ مرنے والوں کی تعداد 8178 ہوگئی ہے۔لیکن اس درمیان امید کی ایک کرن نظر آ رہی ہے کورونا کیلئے تیار کردہ ہندوستانی ٹیکہ ‘کوویکسن’ کی شکل میں۔ یہ کسی خوشخبری سے کم نہیں ہے کہ اس ٹیکہ کو لانچ کرنے کی تیاریاں چل رہی ہیں۔ دراصل ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ہیومن ٹرائل (انسانوں پر استعمال) کے بعد جلد ہی ‘کوویکسن’ کو بازار میں لانے کا منصوبہ ہے۔ وزارت صحت کے ذرائع نے تو یہاں تک کہا ہے کہ 15 اگست کو ‘کوویکسن’ کو لانچ کیا جا سکتا ہے۔ گویا کہ 15 اگست کو ‘کورونا سے آزادی’ کا بگْل بجنے کا پورا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئی سی ایم آر نے ‘کوویکسن’ ٹیکہ بنانے والی کمپنی ‘بھارت بایو ٹیک’ کو اسے لانچ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس سے پہلے یہ خبریں آ چکی ہیں کہ آئی سی ایم آر کے ذریعہ ٹیکہ کے ہیومن ٹرائل کی اجازت دے دی گئی ہے اور 7 جولائی سے اس کا ہیومن ٹرائل شروع بھی ہو جائے گا۔ آئی سی ایم آر کے مطابق اگر ہیومن ٹرائل میں سب کچھ ٹھیک رہا تو امید ہے کہ 15 اگست تک ‘کوویکسن’ کو لانچ کیا جا سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو ‘بھارت بایو ٹیک’ کی ویکسین مارکیٹ میں سب سے پہلے لانچ ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ کورونا کو شکست دینے کے لیے تیار کیے گئے ‘کوویکسن’ ٹیکہ کو بنانے میں آئی سی ایم آر کا بھی تعاون شامل ہے اور اس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بلرام بھارگو نے اپنے ایک خط میں کہا ہے کہ 7 جولائی سے اس ویکسین کا ہیومن ٹرائل شروع ہوگا۔