گزشتہ 72 گھنٹوں میں ایران کے 200 اہداف کو نشانہ بنایا گیا

   

واشنگٹن ۔ 7 مارچ (ایجنسیز) امریکہ کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے تازہ ترین بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ایران میں تقریباً 200 اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک کی فوجی اور دفاعی صلاحیت پر سنگین اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ سینٹکام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کاپر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ امریکی بی ٹو بمبار طیاروں نے درجنوں بنکر بسٹر بم استعمال کرتے ہوئے زمین میں دفن ایرانی بیلسٹک میزائل لانچرز کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، کارروائی کے آغاز کے بعد سے ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں میں تقریباً 90 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور بحری سطح پر 30 سے زائد ایرانی جہاز بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔ سینٹکام کے مطابق آپریشن کا اگلا مرحلہ ایران کی میزائل بنانے کی صلاحیت کو محدود کرنے پر مرکوز ہوگا، تاکہ اس کے دفاعی اور عسکری ڈھانچے کو مزید کمزور کیا جا سکے اور مستقبل میں ممکنہ خطرات کو پہلے سے ہی کم کیا جا سکے۔ ادھر امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں مکمل طور پر ایران کی فوجی اور دفاعی صلاحیت کو محدود کرنے کے مقصد سے کی جا رہی ہیں، تاکہ خطہ میں امریکی اور اتحادی افواج کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے اور ممکنہ فوجی تصادم کی شدت کو کم کیا جا سکے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے حملے ایران کے اندر بیلسٹک میزائل اور بحری دفاعی نظاموں کی کارکردگی پر ایک واضح پیغام ہیں، اور یہ خطہ میں کشیدگی کے موجودہ ماحول میں فوجی توازن کو متاثر کرنے کیلئے ایک اہم اقدام قرار دیے جا سکتے ہیں۔