گستاخانہ خاکے، اعصام الحق کا پیرس ماسٹرزمیں پرامن احتجاج کرنے کا اعلان

   

پیرس ۔ پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کروانے کے لیے پیرس ماسٹرز میں وائٹ بینڈ پہننے کا اعلان کیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے مسلمانوں سمیت دنیا بھر کے کھلاڑیوں پر زوردیا کہ وہ بھی وائٹ بینڈ پہن کر اپنا احتجاج ان کے خلاف ریکارڈ کرائیں جو دوسروں کے مذہب، ثقافت یا عقائد کا احترام نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ بینڈ پہن کر ہم یکجہتی اور مذہبی رواداری کا مظاہرہ کریں گے۔ اعصام الحق نے کہا کہ میں نے بطور کھلاڑی سیکھا ہے کہ ہمیشہ ہرکسی کے مذہب، ثقافت اور عقائد کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کے مذہب اور عقائد کی توہین کی جائے۔ میں فرانس کے شہر پیرس میں پیرس ماسٹرز ٹینس ٹورنمنٹ میں شرکت کے لیے موجود ہوں جہاں فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے آزادی اظہار رائے کی آڑ میں گستاخانہ خاکوں کی حمایت کی جس کی میں مخالفت کرتا ہوں۔