دوحہ : قطر کی وزارت خارجہ ہندوستانی سفیر برائے قطر دیپک متل کو طلب کرتے ہوئے بی جے پی کی قومی ترجمان نوپورشرما کے گستاخانہ بیان پر قطر کی جانب سے مذمت اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ مملکتی وزیر خارجی امور سلطان بن سعد نے ایک مکتوب سفیرہند کے حوالے کرتے ہوئے قطر کی جانب سے گستاخانہ ریمارک پر احتجاج درج کیا ہے۔ قطر کی وزارت کی جانب سے پارٹی ترجمان کی معطلی کے اعلان کا بھی خیرمقدم کیا ہے۔قطر کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہیکہ بغیر کسی سزاء کے مخالف اسلام بیانات کے سلسلہ کو جاری رکھا جاتا ہے تو یہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے سنگین خطرہ ہوگا اور اس سے نفرت اور تشدد میں اضافہ کا بھی امکان ہے۔ اسی طرح کویت اور اب ایران نے بھی اس مسئلہ پر ہندوستانی سفیر کو طلب کرتے ہوئے احتجاج درج کروایا ہے۔
ہندوستان کی وضاحت
ہندوستان نے قطر کو واضح کیا کہ گستاخانہ بیان حکومت کے نظریات نہیں بلکہ بعض عناصر کی جانب سے جارحانہ ٹوئیٹس کئے گئے اور خود کو اس سے علحدہ کرلیا۔ قطر میں وزارت خارجہ کے ایک اجلاس کے دوران ہندوستانی سفیر دیپک متل نے یہ وضاحت کی۔ قطر میں ہندوستانی سفارتخانہ کے ترجمان نے بتایا کہ دیپک متل کے ساتھ دفتر خارجہ میں منعقدہ ایک اجلاس میں اس پر بعض افراد کی جانب سے انفرادی طور پر جارحانہ ٹوئیٹس پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔