بیروت : لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے فرانس پر زوردیا ہے کہ وہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے توہین آمیز خاکوں کی حمایت سے دستبردار ہوجائے۔انھوں نے فرانس سے کہا ہے کہ ’’اس توہین آمیزی اور جارحیت کی اجازت نہ دیں تو ساری دنیا آپ کے ساتھ کھڑی ہوگی۔‘‘انھوں نے کہا کہ ’’فرانسیسی حکام اس مسئلہ کو حل کرنے کے بجائے اظہار رائے کی آزادی کے نام پر سخت گیری کا مظاہرہ کررہے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم ان تضحیک آمیزکارٹونوں کو جاری رکھنا چاہتے ہیں لیکن تمھیں (آپ کو) اس غلطی کو درست کرنا ہوگا۔‘‘فرانس میں ایک مرتبہ پھر توہین آمیز خاکوں کی تشہیر کے بعد اسلامی دنیا میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔فرانسیسی صدر عمانوایل ماکروں نے اسی ماہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر ان توہین آمیز کا دفاع کیا ہے۔واضح رہے کہ فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے نواح میں ایک اسکول میں تاریخ کے استاد نے اکتوبر کے اوائل میں اپنی جماعت میں پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے توہین آمیز خاکے دکھائے تھے۔