گستاخان رسولؐ کے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ

   

کاماریڈی میں آج پرامن احتجاجی پروگرام ، کل جماعتی قائدین کی ڈی ایس پی کو یادداشت

کاماریڈی :نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی کرنے والے نپور شرما ، نوین جندال اور خواجہ اجمیری ؒ کی شان میں گستاخی کرنے والے راجہ سنگھ کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور ان پر فوری مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کل جماعتی قائدین نے ڈی ایس پی کاماریڈی نے ایک تحریر ی یادداشت پیش کی ۔ ارکان بلدیہ سید انور احمد ، محمد امجد ، عمران محی الدین ، محمد سلیم ، مجلسی قائدین نعیم حسن ، محمد ذاکر ،محمد واجد، کانگریس قائد محمد معز اللہ کے علاوہ دیگر نے ڈی ایس پی آفس پہنچ کر ایک تحریری یادداشت پیش کی اور کہا کہ نپور شرما ، نوین جندال ، راجہ سنگھ مسلمانوں کے خلاف ملک گیر سطح پر زہر اگلتے ہوئے حالات کو بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں جس کی وجہ سے ملک کی پرُ امن فضاء کونقصان ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی کو مسلمان کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرتے اور اس خصوص میں اہلیان کاماریڈی کی جانب سے ایک پرُ امن احتجاجی پروگرام کو منظم کیا جارہا ہے ۔ بعد نماز جمعہ مسجد عرفات کے احاطہ میں جدید عیدگاہ اہلیان کاماریڈی جمع ہوکر پرُ امن احتجاج کریں گے اور نبی کریم ؐ سے اپنی بے پناہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کیخلاف احتجاج درج کراتے ہوئے گرفتار کرنے کا مطالبہ کریں گے ۔ انہوں نے اہلیان کاماریڈی سے خواہش کی کہ وہ پرُ امن احتجاج میں بڑے پیمانے پر شرکت کریں اور کسی قسم کی ریالی یا جلوس و دیگر پروگراموں سے گریز کریں اور احتجاج کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔