گستاخ بی جے پی ترجمان نوپور شرما پر مقدمہ درج

   

پولیس کی از خود کارروائی، مسلمانوں کی دل آزاری اور دو فرقوں میں نفرت پھیلانے کا الزام
…… ایس ایم بلال ……
حیدرآباد۔/31 مئی۔ حیدرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے بی جے پی کی قومی ترجمان نوپور شرما کے خلاف پیغمبر اسلامؐ کی شان اقدس میں گستاخی کرنے کے الزام میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ قومی ٹیلی ویژن چینل ( ٹائمز ناو) پر مباحثہ میں نوپور شرما کی اشتعال انگیزی اور شان رسالتؐ میں گستاخی پر پولیس نے از خود کارروائی کرتے ہوئے تعزیرات ہند کی دفعات 153(A) ( دونوں فرقوں کے درمیان منافرت پھیلانا )، 504 ( دانستہ طور پر امن و امان کو مکدر کرنے ) ، 505(2) ( دونوں فرقوں کے درمیان منافرت پھیلانے والا بیان ) اور 506 ( دھمکانے ) کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی سی ایس سائبر کرائم کے سب انسپکٹر پی رویندر نے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی جس میں کہا کہ 27 مئی کو ایک قومی ٹی وی چینل پر مباحثہ کے دوران نوپورشرما نے شان رسالتؐ میں گستاخی کرتے ہوئے ایسے الفاظ کا استعمال کیا جس سے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے اور ان کی دل آزاری بھی ہوئی ہے۔ درخواست میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ نوپور شرما کا بیان مسلم طبقہ کیلئے ناقابل قبول ہے اور مسلمان شان رسالتؐ میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے۔ سب انسپکٹر نے اپنی درخواست میں کہا کہ نوپور شرما نے مذہب اسلام کو نشانہ بناتے ہوئے مسلم اور غیر مسلم کے درمیان منافرت پھیلانے کی کوشش کی ہے اور یہ نفرت آمیز ویڈیو انٹرنیٹ پر عام ہوچکا ہے۔ اس سلسلہ میں سائبر کرائم پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ واضح رہے کہ نوپورشرما کے اس نفرت آمیز بیان پر ممبئی پولیس نے بھی اسی قسم کا ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ب