گستاخ رسولؐ کا پارٹی سے اخراج ناکافی، گرفتاری کا مطالبہ برقرار

   

اگر بی جے پی ہر مذہب کے احترام کا دعوی کرتی ہے تو اسے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے : آئی ایم سی آر

نئی دہلی : انڈین مسلم فار سول رائٹس (آئی ایم سی آر) نے پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستانہ الفاظ کا استعمال کرنے والے بی جے پی کے ترجمان نوین کمار جندل کی پارٹی سے برخاستگی اور نوپور شرما کی چھ برس کی معطلی کوناکافی قرار دیتے ہوئے دونوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔ آئی ایم سی آر کے قومی کنوینر اور سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب نے بی جے پی کے اس بیان کو دکھاوا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا یہ کہنا کہ بی جے پی ملک میں تمام مذاہب اور عقائد کا احترام کرتی ہے اور کسی بھی مذہبی رہنما کی اہانت کو پسند نہیں کرتی، یہ نہ صرف دکھاوا ہے بلکہ مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانپور میں حالیہ تشدد بھی اسی کا ایک نتیجہ ہے ۔ مسٹرادیب نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں کانپور میں ہو رہی گرفتاری پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ مسٹر محمد ادیب نے کہا کہ آئے دن ملک میں مساجد، اذان، قرآن، حجاب اور اس قسم کے دیگر مقدس و محترم اسلامی شعائر کی بے حرمتی، بی جے پی ارکان کا وطیرہ بن چکا ہے ۔اگر پارٹی کا یہ دعوی ہے کہ وہ ہر مذہب کا احترام کرتی ہے تو اسی کی ذمے داری ہے کہ پارٹی میں اپنا قد اونچے کرنے کے حریص ایسے ارکان اور افراد کے خلاف وہ سخت اور فوری کارروائی کرے تاکہ دیگر ارکان کو عبرت حاصل ہو اور وہ آئے دن ہونے والی ان حرکتوں سے باز آئیں۔ واضح رہے کہ جب سے یہ مذموم حرکت کی گئی ہے اس کے بعد سے ہی نہ صرف ہندوستانی مسلم بلکہ عالم اسلام میں کافی بے چینی محسوس کی جا رہی تھی اور جب مسلم ممالک نے ہندوستانی سفیروں کو طلب کرکے سخت قدم اٹھانے کی بات کی، تب بی جے پی اور مودی حکومت نیند سے بیدار ہوئی ہے ۔ حالانکہ اب تک کافی وقت گزر چکا ہے اور ایکشن کے نام پر ایسے لوگوں کو محض پارٹی سے برخاست ہی کیا گیا ہے جسے ہم ناکافی خیال کرتے ہیں۔ سابق ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ ہم پارٹی اور خاص کر وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شاتم رسول (صلی اللہ علیہ وسلم ) کو پارٹی سے برخاست کرنے کے بجائے انہیں گرفتار کیا جائے اور بی جے پی اہانت رسول کے اس معاملے میں غیر مشروط معافی مانگے ۔ ساتھ ہی وہ میڈیا ہاؤس جو مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کا کام انجام دے رہے ہیں، ان کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے تاکہ سماج میں بڑھ رہی نفرت کا سبب بن رہے ان اداروں کو بھی سبق مل سکے ، خاص کر ٹائمزناؤ کی وہ اینکر جس نے اپنا صحافتی فرض نبھانے میں نہ صرف کوتاہی کی بلکہ دنیا بھر میں ملک کو رسوا کرنے کا سبب بھی بنی ہے۔

مسٹر محمد ادیب نے بی جے پی کے ہاتھوں اپنے لیڈروں کے خلاف کی گئی کارروائی کو بین الاقوامی دباؤ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر چند کہ بی جے پی نے شاتم رسول کو پارٹی سے برخاست کر دیا ہے لیکن ابھی تک ان کے خلاف نصف درجن ایف آئی آر ہونے کے باوجود انہیں گرفتار نہ کیا جانا، ملک کے دستوری ضابطوں کی خلاف ورزی ہے ۔ آئی ایم سی آر نے بی جے پی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی نے واضح طور پر معافی نہیں مانگی اور ان دونوں کو مناسب دفعات کے تحت گرفتار نہ کیا گیا تو آئی ایم سی آر قانونی چارہ جوئی پر بھی غور کر سکتی ہے ۔