گستاخ رسول ؐ راجہ سنگھ کے خلاف مضبوط کارروائی ہو آل انڈیا ملی کونسل کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ

   

نئی دہلی: 24/ اگست ( پریس نوٹ ) ۔ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی شان میں بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے جس طرح بیہودہ انداز میں گفتگو کی ہے اور گستاخی کا مرتکب ہوا ہے، اس پر آل انڈیا ملی کونسل نے اپنے شدید ردّعمل اور غیض وغضب کا اظہار کیا ہے۔ کونسل نے اس حرکت کی سخت لب ولہجے میں مذمت کی ہے اور تلنگانہ سرکار سے اس شخص کے خلاف مضبوط اور مؤثر کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کونسل سے جاری بیان میں جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ ہندوستان کی تکثیریت اور اس کی وحدت کو تباہ کرنے، نیز پورے سماجی تانے بانے میں بکھراؤ پیدا کرنے کی شرپسند عناصر کی کوشش انتہائی تکلیف دہ ہے۔ فرقہ پرست جماعتوں اور عناصر کی جانب سے ملک کی سب سے بڑی اقلیت کے ساتھ فرقہ وارانہ بنیادوں پر ووٹوں کی صف بندی کا تماشا کرکے جگہ جگہ فرقہ وارانہ تصادم پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لہٰذا حالات کا تقاضا ہے کہ اس طرح کے متنازعہ اور بیہودہ بیانات دینے والوں کے خلاف سخت سے سخت ملکی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔ یہ ایک شرارت آمیز اور ملک وملت کو انتشار کی جانب دھکیلنے کی کوشش ہے۔ اس کا پوری طرح سامنا کیا جانا چاہیے۔ جنرل سکریٹری ملی کونسل نے ایک طرف حکومت تلنگانہ سے اس بیہودہ اور فسادی شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا تو دوسری طرف تلنگانہ اور حیدرآباد کے مسلمانوں سے خصوصی اپیل کی کہ وہ فساد پھیلانے والی جماعتوں اور ان کی ہمنوا تنظیموں کی اشتعال انگیزیوں سے ہرگز مشتعل نہ ہوں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں، بلکہ ایسی اشتعال انگیزی کا مقابلہ تدبیر وحکمت کے ساتھ کریں۔ حکومت کو بھی چاہیے کہ اس طرح کے معاملات سے نمٹنے کے لیے خصوصی قانون کی تدوین کرے اور فی الوقت جو فوج داری دفعات ہیں، ان کے دائرے میں لاکر ایسے مجرموں کو سخت سزا دی جائے۔