نظام آباد میں مسلمانوں کا احتجاج، اے سی پی اور آر ڈی او کو شکایت حوالے
نظام آباد ۔ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن شان رسالت ؐ میں گستاخی کو قطعی برداشت نہیں کرسکتا ۔ شان رسالت ؐ میں گستاخی کیخلاف بعد نماز جمعہ مسجد ہاشمی کے روبرو اہلسنت والجماعت کی جانب سے دھرنا و احتجاج منظم کرتے ہوئے گستاخ رسول ؐ کی گرفتاری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ۔ عبدالرشید رضوی صدر میلاد کمیٹی نظام آباد کی زیر صدارت منعقدہ احتجاج و دھرنا میں اہلسنت و الجماعت کے علمائے دین کے علاوہ نوجوانوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیتے ہوئے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرہ لگائے اور گستاخ رسولؐ نپور شرما ، نوین جندال کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ بعد نماز جمعہ نوجوانوں کی کثیر تعداد ہاشمی مسجد کے روبرو پہنچی جہاں پر اہلسنت والجماعت کے علمائے دین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی کو قطعی برداشت نہیں کیا جائیگا۔ اے سی پی اور آرڈی او نے قلعہ روڈ پہنچ کر احتجاجی افراد سے شکایت حاصل کی ۔ ہاشمی مسجد کے روبرو ہی احتجاج کی اجازت دی گئی تھی جوبلی ہوٹل چوراہا تا ہاشمی مسجد تک بیریکیڈ لگاتے ہوئے رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھی اہلسنت و الجماعت کے علمائے دین کی جانب سے پرُ امن احتجاج منظم کرنے کی بار بار اپیل کرتے ہوئے نوجوانوں کو ترغیب دی جارہی تھی اس احتجاج میں حافظ ایوب علی رضوی امام و خطیب مسجد ہاشمی ، مفتی اکبر ضیائی امام و خطیب مسجد چشتیہ ، مولانا کریم الدین کمال، محمد فیاض الدین سابق صدر ضلع وقف کمیٹی نظام آباد ،مولانا شاہد رضا،محمد احمد رضا، معین یونس ، شیخ علی صابری پھولانگ، رفیق قریشی ، سمیر احمد ، محمد ضیاء احمد ،سلیم رضوی ، ثناء اللہ خان ، ساجد رضا ، مجاہد رضا ، عمران رضا ، مولانا مفتی عبدالعزیز ، یوسف رضا کے علاوہ نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ احتجاجی دھرنا کے موقع پر پولیس کا بھاری بندوبست کیا گیا تھا ۔