’’گلابی جھنڈے کے ایک ہی باس کے سی آر ‘‘

   

وزیر پنچایت راج کا ریمارک، راجندر کی وزارت کو کوئی خطرہ نہیں
حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں وزیر صحت ای راجندر کے بیان سے پیدا شدہ تنازعہ تھمتا دکھائی نہیں دیتا۔ کابینہ سے علحدگی سے متعلق اطلاعات پر راجندر نے بیان دیا تھا کہ وزارت انہیں کسی نے بھیک میں نہیں دی اور نہ ہی یہ ان کیلئے کوئی مہربانی ہے۔ تلنگانہ تحریک میں ان کی حصہ داری ٹی آر ایس کے قیام کے پہلے دن سے ہے۔ راجندر کے اس بیان کے بعد پارٹی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں شدت اختیار کرچکی ہیں کہ ناراض قائدین کا ایک گروہ پارٹی قیادت کے خلاف متحرک ہے۔ اگرچہ پارٹی کے کسی بھی قائد نے راجندر کے بیان کی مذمت یا پھر تائید نہیں کی تاہم وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے آج راجندر کا جواب دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلابی جھنڈے کے صرف ایک ہی باس کے سی آر ہیں۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی رام راؤ سے ملاقات کے بعد دیاکر راؤ نے کہا کہ گلابی جھنڈا صرف کے سی آر نے تیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کی میں نے تائید کرتے ہوئے مکتوب لکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایٹالہ راجندر کا مسئلہ ختم ہوچکا ہے اور ان کے عہدہ اور وزارت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ضلع کلکٹرس کے ساتھ چیف منسٹر کے اجلاس کے دوسرے دن اخبارات میں کے سی آر کی کلکٹر سے وہ گفتگو بھی شائع ہوگئی جسے حکومت خفیہ رکھنا چاہتی تھی۔ اجلاس کی روئیداد سے میڈیا کو واقف کرانے کے مسئلہ پر کے سی آر برہم ہوگئے اور شبہ کیا گیا کہ راجندر نے میڈیا کو تفصیلات لیک کردی ہیں۔ بعد میں بعض اخبارات نے رپورٹ شائع کی کہ بہت جلد کابینہ میں توسیع کی جائے گی اور کے سی آر پانچ وزراء کو تبدیل کردیں گے جن میں ایٹالہ راجندر کا نام شامل ہے۔