گلابی گیند سے بنگلہ دیش 106 رنز پر ڈھیر،ایشانت کو 5 وکٹیں

   

کولکاتہ ۔ 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سرزمین پر اپنی تاریخ کے پہلے ڈے نائیٹ ٹسٹ میں مہمان بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان مؤمن الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ان کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا جیسا کہ ہندوستانی فاسٹ بولروں خصوصاً ایشانت شرما کی شاندار بولنگ کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو صرف 106 رنز پر ڈھیر کردیا۔ بنگلہ دیش کا آغاز ہی تباہ کن انداز میں ہوا جب مقابلہ ساتویں ہی اوور میں عمرالقیس چار رنز بنا کر ایشانت شرما کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جس کے بعد مؤمن الحق، محمد متھن اور مشفق الرحیم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ بنگلہ دیش کیلئے اوپنر شادمان اسلام نے سب سے زیادہ 29 رنز اسکور کئے جس کیلئے انہوں نے 52 گیندوں کا سامنا کرنے کے علاوہ پانچ چوکے لگائے۔ لوور آرڈر میں لیٹن داس ریٹائرڈ ہٹ ہنونے سے قبل 27 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 24 رنز اور نعیم حسن نے 28 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 29 رنز اسکور کئے۔ ہندوستان کیلئے درازقد فاسٹ بولر ایشانت شرما کامیاب بولر رہے جنہوں نے 12 اوورس میں 22 رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ اومیش یادو 29 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حالیہ دنوں میں کامیاب بولر ثابت ہونے والے محمد سمیع 36 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ بنگلہ دیشی ٹیم کی اننگز صرف 30.3 اوورس میں ہی سمٹ گئی۔ اس میں فاسٹ بولروں نے سوائے ایک اوور کے مکمل بولنگ کی کیونکہ ایشانت شرما، اومیش یادو اور محمد سمیع کے علاوہ رویندر جڈیجہ صرف ایک اوور ڈال پائے جس میں انہوں نے 5 رنز دیئے۔
ہندوستانی کی ناقص شروعات
گلابی گیند کے خلاف ہندوستانی اوپنرس بھی ناکام رہے حالانکہ رواں ٹسٹ سے قبل ہندوستانی اوپنرس کی جوڑی روہت شرما اور مینک اگروال نے ہندوستان کو شاندار شروعات فراہم کی تھی لیکن آج اگروال (14) اور روہت شرما (21) نے پہلی وکٹ کیلئے صرف 26 رنز اسکور کئے۔ تادم تحریر ہندوستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز اسکور کرلئے ہیں۔