کولکاتہ ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی سمجھتے ہیں کہ کل یہاں ڈے نائیٹ ٹسٹ میں استعمال کی جانے والی گلابی گیند دراصل ایسی گیند محسوس ہورہی ہے جوکہ ہاکی میں استعمال کی جانے والی وزنی گیند ہے جس سے کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کے دوران مشکل ہوسکتی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے بالآخر بنگلہ دیش کے خلاف ڈے نائیٹ ٹسٹ کیلئے رضامندی ظاہر کردی ہے لیکن اس سے قبل میزبان کپتان کوہلی نے گلابی گیند کو ہاکی کی وزنی گیند سے موازنہ کیا ہے اور کہا ہیکہ اس کا رنگ، سختی اور وزن فیلڈروں کو مشکلات میں ڈال سکتا ہے۔ کوہلی نے مزید کہا کہ مجھے سب سے زیادہ فیلڈنگ کے وقت گلابی گیند نے حیران کیا ہے کیونکہ خاص کر کہ سلپ میں فیلڈنگ کرتے وقت گیند کی سختی نے کرکٹ کے ابتدائی دنوں کی یاد دلادی ہے۔ کوہلی کے بموجب گیند زیادہ سخت ہے اور فیلڈنگ کے وقت وکٹ کیپر تک گیند کو پہنچانے کیلئے قوت سے اسے پھینکنا پڑ رہا ہے۔ کوہلی نے مزید کہا کہ فیلڈنگ کے موقع پر اس کا رنگ باآسانی سے دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ گذشتہ روز پریکٹس کے دوران یہ تجربہ بھی کیا گیا کہ فیلڈنگ کے وقت ایسا محسوس ہورہا ہیکہ گیند ہنوز آپ سے دور ہے لیکن وہ تیزی کے ساتھ آپ تک پہنچ رہی ہے۔ ان حالات میں فیلڈروں کو کیچ پکڑتے وقت یا وکٹ کیپر کو گیند دیتے وقت کچھ زیادہ محنت کرنے کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ کوہلی نے مزید کہا کہ ہندوستان اور دیگر ممالک میں ڈے نائیٹ ٹسٹ کھیلنے میں کچھ زیادہ فرقہ محسوس نہیں ہوگا۔ کوہلی نے واضح کیا کہ گذشتہ روز انہوں نے میچ ریفری سے بھی اظہار خیال کیا ہے تاکہ شبنم کے پڑنے کے وقت فیلڈنگ میں ہونے والی پریشانیوں پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔