گلاب کے بعد سمندری طوفان شاہین کا خطرہ

   

حیدرآباد۔28ستمبر(سیاست نیوز) طوفان ’’گلاب ‘‘ جسے پاکستانی محکمہ موسمیات کی جانب سے نام دیا گیا تھا اس کے کمزور پڑنے کے بعد اب طوفان ’’شاہین‘‘ کے خطرات منڈلانے لگے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ بحیرۂ عرب میں تیار ہورہے اس طوفان ’’ شاہین ‘‘ پر کئی ممالک بشمول ہندستانی محکمہ موسمیات کی جانب سے نگاہیں مرکوز کی جاچکی ہیں۔امکانی طوفان ’’شاہین ‘‘کو قطر کے محکمہ موسمیات نے نام دیا ہے ۔ خلیج بنگال اور بحیرۂ عرب میں تیار ہونے والے طوفان کو نام دینے کا عمل کی نگرانی 13ممالک کے محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جاتی ہے اور ان ناموں کو قطعیت دینے کیلئے 6ریجنل اسپشلائزڈ میٹرولوجیکل سنٹرس موجود ہیں اور ان رکن ممالک کی جانب سے ناموںکا فیصلہ کیا جاتا ہے ۔13رکن ممالک میں بنگلہ دیش‘ ہندستان‘ ایران‘ مالدیپ‘ میانمار ‘ عمان‘ پاکستان‘ قطر ‘ سعودی عرب‘ سری لنکا‘ تھائی لینڈ ‘ متحدہ عرب امارات اور یمن شامل ہیں۔ہندستانی محکمہ موسمیات کی جانب سے بحیرۂ ہند میں ریکارڈ کی جانے والی موسمی سرگرمیوں اور تبدیلیوں کو تمام رکن ممالک کو واقف کروایا جاتا ہے۔ہندستان کی جانب سے مستقبل میں آنے والے طوفان کے لئے دئیے گئے نامو ںکو جنہیں 6رکنی محکمہ موسمیات نے منظوری دی ہے ان میں گتی‘ تیج‘ مراسو‘ آگ‘ ویوم‘ جھار‘ پروباہو‘ نیر‘ پربھنجن‘ غرئی ‘ امبوڈ ‘ جلادھی‘ اور ویگا شامل ہیں۔ سابق میں ہندستان کی جانب سے جن طوفانو ں کو نام دیا جاچکا ہے ان میں اگنی‘ آکاش ‘ بجلی ‘ جل ‘ لہر‘ میگھ ‘ ساگر اور وایو شامل ہیں۔خلیج بنگال میں تیار ہوئے ’’گلاب ‘‘ طوفان کے کمزور پڑنے کے بعد اب تیار ہونے الے طوفان کو قطر نے ’’شاہین‘‘ نام دیا ہے ۔م