گلبرگہ، بیدر ، ہبلی اور منگلور میں حج ہاوز کی تعمیر کا اعلان

   

ریاستی وزراء ضمیر احمد خاں اور رحیم خاں کا دورہ حج بھون ، 7 جون سے کرناٹک کے عازمین کی روانگی
حیدرآباد۔/30 مئی، ( سیاست نیوز) کرناٹک میں عازمین حج کی سہولت کیلئے 4 شہروں میں حج ہاوزکی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود و اوقاف بی زیڈ ضمیر احمد خاں نے یہ اعلان کیا۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و حج اُمور رحیم خاں کے ہمراہ ضمیر احمد خاں نے بنگلور کے حج بھون کا دورہ کرتے ہوئے 7 جون سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عازمین حج کی تربیتی کیمپ میں شرکت کرتے ہوئے عازمین سے ملاقات کی اور حکومت اور ریاست کیلئے دعاؤں کی اپیل کی۔ ضمیر احمد خاں نے بتایا کہ بنگلور کے بعد چار بڑے شہروں بیدر، منگلور، گلبرگہ اور ہبلی میں حج ہاوز تعمیر کئے جائیں گے اور آئندہ پانچ برسوں میں یہ کام مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کی سدارامیا زیر قیادت حکومت نے عازمین حج کیلئے موثر انتظامات کا فیصلہ کیا ہے۔ ضمیر خاں کے مطابق کرناٹک حج کمیٹی کیلئے 7947 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا جبکہ 8140 درخواستیںموصول ہوئیں ۔ بعض درخواستوں سے دستبرداری کے نتیجہ میں کوٹہ کے مطابق عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ 7 تا 22 جون قافلے بنگلور سے جدہ روانہ ہوں گے۔ 150 نشستی 3 طیاروں کے ذریعہ روزانہ 450 عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ 2018 انہوں نے منگلور میں حج ہاوز کے قیام کی مساعی کی تھی اور جنتا دل سیکولر کے رکن کونسل پی ایم فاروق نے اراضی الاٹ کی ہے۔ حکومت نے تعمیر کیلئے 10 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ گلبرگہ میں حج ہاوز کی اراضی کا تعین کرلیا گیا ہے۔ ضمیر احمد خاں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ہبلی ، منگلور اور بیدر میں اراضی کا تعین اور رقم کی منظوری جلد عمل میں آئے گی۔ وزیر حج اُمور رحیم خاں نے بتایا کہ ضمیر احمد خاں کو اقلیتی بہبود، حج اُمور اور وقف کے قلمدان دیئے گئے تھے لیکن انہوں نے چیف منسٹر سے درخواست کرتے ہوئے حج اُمور کا قلمدان میرے حوالے کیا۔ گذشتہ 20 برسوں سے میں عازمین حج کی خدمت انجام دے رہا ہوں۔ اس موقع پر صدرنشین حج کمیٹی رؤف الدین کچہیری والا، سکریٹری اقلیتی بہبود منوجین اور ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی سرفراز خاں نے ریاستی وزرا کو تہنیت پیش کی۔ر