پہلی پروازپیر کے دن گلبرگہ سے حیدر آباد روانہ، عوام سے استفادہ کی خواہش
گلبرگہ سرکاری سرپرستی والے ایر انڈیا انسٹی ٹیوٹ نے پیر کے دن سے گلبرگہ اور حیدر آباد کے درمیان ہوائی جہاز سروس شروع کردی ہے۔ حیدر آباد سے دوپہر 3.40بجے کی فلائیٹ کے ذریعہ طیارہ شام 4.30بجے گلبرگہ ایر پورٹ پہنچے گا۔ اسی طرح ایک ایک اور طیارہ شام 5بجے گلبرگہ سے اڑان بھرے گا اور شام 5.50بجے حیدر آباد ایر پورٹ پہنچ جائیگا۔ حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایر پورٹ سے ملک کے مختلف اہم شہروں اور بیرونی ممالک کے لئے کئی پروازیں دستیاب ہیں ۔اس طرح گلبرگہ سے حیدر آباد ایر سروس شروع کرنے کے لئے مسافرین مطالبہ کررہے تھے ۔ اس مطالبہ کی یکسوئی کے لئے پیر کے دن سے ایر سروس شروع کردی گئی رکن پارلیمینٹ گلبرگہ ڈاکٹر امیش جادھو پیر کے دن ایر پورٹ پر گوا حیدر آباد براہ گلبرگہ ایر لائنز ایر ویز کے طیارہ کی پروازوں کا کیک کاٹ کر افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کررہے تھے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ گلبرگہ کے ضعیف افراد اور مریضوں کو ہنگامی طور پر علاج کے لئے حیدر آباد اور حیدر آباد سے بنگلور لے جانے کے لئے اس طیارہ سے بڑی سہولت ہوگی ۔ انھوں نے بتایا کہ حیدر آباد سے مختلف مقامات مقدسہ، حج کے لئے سعودی عربیہ ، ، پھر کاشی ، ایودھیا ، امرناتھ، ویشنو دیوی وغیرہ کو جانے کی بھی سہولت رہے گی ۔ یہ سروس ہر روز دستیاب رہے گی ۔انھوں نے گلبرگہ ڈویژن کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے بھر پور استفاد کریں ۔اس موقع پر رکن پارلیمینٹ ڈاکٹر امیش جادھونے اپنی بیٹی شردھا جادھو اور مسافرین کے ساتھ حیدر آباد کے لئے سفر کیا ۔ گلبرگہ ڈویژن کے علاقائی کمشنر ڈاکٹر این وی پرساد ، ڈپٹی کمشنر یشونت وی گروکر ، گلبرگہ ایر پورٹ کے ڈائیریکٹر ایس اگنانندر رائو اور عملہ بھی تقریب میں شریک تھاگلبرگہ سے حیدر آباد کا کرایہ 2,365 روپئے ہے اور حیدر آباد سے گلبرگہ کا کرایہ 2,846روپئے رکھا گیا ہے۔ اس کرایہ کے ساتھ دیگر کرائے بھی طئے کئے جائیں گے ۔ گلبرگہ سے حیدر آباد پہلے دن کی اڑان کے ذریعہ جملہ 7افراد حیدر آباد کیلئے روانہ ہوئے ۔