رائچور میں 63764افراد کی جانچ نتائج نگیٹیو ، بیدر میں کرونا کے 85مریض
گلبرگہ 26مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع گلبرگہ میںکرونا کے مزید 16مریضوں کا پتہ چلا ہے اس طرح ضلع میں کرونا سے متاثرین کی جملہ تعداد 155ہوگئی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق کل کرونا سے متاثرہ 10افراد کو صحت یاب ہوجانے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ سارے ضلع گلبرگہ میں کرونا کے 72متاثرین صحت یاب ہوکر ہسپتال سے ڈسچارج کردئے گئے ہیں ۔ اب تک اس ضلع میں سات افراد کرونا کے مرض میں مبتلا ہوکر انتقال کرگئے ہیں .جب کہ ابھی 90کرونا متاثرین کاعلاج جاری ہے ۔ ضلع گلبرگہ میں حالیہ عرصہ میں جو مزدور اور دیگر افراد مہارشٹرا سے گلبرگہ منتقل ہوئے ہیں ان کے سبب بھی یہاں کرونا وائیریس سے دیگر لوگ متاثر ہوئے ہیں ۔علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے ضلع یادگیر میں بھی کل تک کرونا کے مزید 15متاثرین پائے گئے ۔ یادگیر میں کرونا کے متاثرین کی جملہ تعدا د126ہوگئی ہے۔ تمام متاثرین کا تعلق مہاراشٹرا سے اپنے وطن واپس ہونے والے مزدوروں اور افراد ہے۔ضلع بیدر میں مسقط سے واپس ہونے والے ایک 40سالہ شخص کے تھوک کی جانچ کے نتائج کرونا پزیٹیو نکلے ہیں ۔ اس طرح کرونا کے جملہ مریضوںکی تعداد ضلع بیدر میں 85تک پہنچ گئی ہے۔ 21مریض علاج کے بعد ڈسچارج کردئے گئے ہیں ۔ گزشتہ دو دنوںکے دوران ضلع رائچور میں کرونا پازیٹیو کے کوئی معاملات درج نہیںہوئے ہیں ۔ جملہ 11.329تھوک کے نمونوں کو جانچ کے لئے لیابوریٹری روانہ کیا گیا تھا ۔ ان میں سے اب تک 63764کے نتائج نگیٹیو نکلے ہیں جب کہ 4883جانچ نتائج کا انتظار ہے۔ گزشتہ دو دنوںکے دوران مختلف ریاستوں سے لوگ ضلع رائچور کو واپس ہوئے ہیں ۔ ان میں سے اب تک 10.080افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔