کانگریس امیدوار کنیز فاطمہ کی انتخابی مہم میں شرکت
حیدرآباد۔5۔مئی (سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے آج گلبرگہ میں بارگاہ بندہ نوازؒ پر حاضری دی اور کرناٹک میں کانگریس پارٹی کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کی۔ ہنمنت راؤ نے سابق وزیر جناب قمرالاسلام مرحوم کی اہلیہ محترمہ کنیز فاطمہ کے حق میں انتخابی مہم چلائی ۔ گلبرگہ نارتھ اسمبلی حلقہ سے کنیز فاطمہ دوسری مرتبہ کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کر رہی ہیں۔ ان کی مسلسل دوسری بار کامیابی کے امکانات روشن ہیں کیونکہ مقامی مسلم لیگ نے مقابلہ کے بجائے تائید کا اعلان کیا ہے۔ وی ہنمنت راؤ نے درگاہ بندہ نوازؒ کے اطراف کے علاقوں میں عوام اور تاجروں سے ملاقات کی اور کنیز فاطمہ کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی حکومت 40 فیصد کمیشن کے تحت کام کر رہی ہے اور نفرت کے ایجنڈہ پر کارفرما ہے ۔ مرکز میں نریندر مودی حکومت کی پالیسیوں کے نتیجہ میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ۔ پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیاس کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب غریب اور متوسط طبقات پریشان ہیں۔ انتخابی مہم میں کانگریس کے مقامی قائدین محمد انصاری ابرار سیٹھ ، انچارج مینارٹیز سیل محمد منصور کے علاوہ تلنگانہ پردیش کانگریس کے سکریٹری ایس سری کانت گوڑ نے بھی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ر