گلبرگہ میں دو روزہ سنی اجتماع

   

آج خواتین کیلئے اور کل مرد حضرات کیلئے دینی تربیتی پروگرام
گلبرگہ۔ 2 فروری ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنی جماعت اسلامی کے کے ذمہ داران مولانا جاوید اختر مصباحی، حافظ سید اظہر علی اور مفتی عبدلرزاق پرنسپل دار العلوم رضاء مصطفی نے صحافتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وادی حضرت خواجہ بندہ نواز علیہ الرحمہ پیر بنگالی درگاہ کے روبرو رنگ روڈ گلبرگہ شریف پر سواد اعظم اہل سنت و جماعت کی عالمگیر تحریک سنی دعوت اسلامی کے زیر اہتمام 3، 4 فروری 2024 بروز ہفتہ، اتوار 2 روزہ تیسواں سالانہ’’سنی اجتماع‘‘کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ واضح ہو کہ اجتماع کا پہلا دن 3 فروری بروز ہفتہ دوپہر ایک بجے تا 9بجے رات خواتین اسلام کے لیے مختص کیا گیا ہے جبکہ 4 فروری بروز اتوار صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک مرد حضرات کے لیے رکھا گیا ہے،جس میں صبح 11تا دوپہر ایک بجے اسٹوڈنس کے کئیریر گائیڈ کے لئے،ایس ڈی آئی، ٹیم امیدکا پروگرام ہوگا۔ اس اجتماع سے امیر سنی دعوت اسلامی مولانا حافظ و قاری محمد شاکر علی نوری اور محقق مسائل جدیدہ مفتی محمد نظام الدین رضوی صدر شعبہ افتاء وہ سابق پرنسپل الجامعۃ الاشرفیہ مبارک پور اعظم گڑھ یو پی اور بالخصوص مولانا محمد مبارک حسین مصباحی مبارک پور اعظم گڑھ یو پی اور بلبل باغ مدینہ قاری محمد رضوان خان نائب امیر سنی دعوت اسلامی ممبئی و مولانا سید امین القادری نگران سنی دعوت اسلامی مالیگاؤں،کے علاوہ علماء کرام و مشائخ عظام اور ارباب علم و دانش تشریف لا رہے ہیں جس میں مخصوص عنوانات پر اپنے خطاب فرمائیں گے۔ پہلے دن خواتین کے اجتماع میں بعد نماز ظہر ختم بخاری شریف کی محفل،مدرسہ فیض مصطفے للبنات گلبرگہ شریف کی تین فاضلہ کی ردا پوشی اور پانچ عالمات کی ردا پوشی معلمات مدرسہ و معزز خواتین کے ہاتھوں سے ہوگی اسی کے ساتھ مردوں کے اجتماع میں دارالعلوم رضائے مصطفی گلبرگہ شریف کے چار عا لمیت طلباء کے فراغت اور آٹھ حفاظ کرام کی دستار بندی علماء کے ہاتھوں عمل میں لائی جائیں گی۔آخر میں امیر سنی دعوت اسلامی کی رقت انگیز دعاوں اور صلاۃ وسلام پر اجتماع کا اختتام ہوگا۔مذکورہ بالا صحافتی کانفرینس میں سنی جماعت اسلامی کے کئی ایک ذمہ داران کے ساتھ جناب محمد جعفر کاریگر و ڈاکٹر محمد حامد کاریگر پروپرائیٹرس ایوب اینڈ سنس کلاتھ اسٹور و دیگر کئی ایک ارکان اہل سنت و جماعت شریک تھے ۔