گلبرگہ ۔16 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دکنی زبان کے ممتاز شاعر حضرت سلیمان خطیبؔ کے یادگار تعلیمی، ادبی، ثقافتی اور امدادی ٹرسٹ کی جانب سے ریاست کرناٹک کی سطح پر اردو ذریعہ تعلیم سے دسویں جماعت کے امتحان منعقدہ مارچ 2025 میں امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے طالب علموں میں 13ڈسمبر کو رنگ مندر گلبرگہ میںسلیمان خطیبؔ یادگار طلائی تمغہ، نقد انعامات، اسناد مومینٹو اور کتب تقسیم کی گئیں۔ گورنمنٹ ہائی ا سکول کرناولی، ضلع ہاویری کی طالبہ نذرین غوث محی الدین کو 621/625 نشانات حاصل کر نے پر پینتیسواں سلیمان خطیبؔ یادگار طلائی تمغہ تفویض کیا گیا ۔ یہ میڈل پانچ گرام سونے کا بنا ہے۔ نذرین، غوث محی الدین اور شمیمہ کی دختر ہیں۔ دو طالبات 616/625 نشانات لیکر انعام دوم کی حقدار ہوئیں۔ ان کے نام ہیں ذوبیہ روحی والد نذیر پٹیل جو ہیومن ایج اردو ہائی سکول،گلبرگہ کی طالبات ہیں۔ جبکہ مثیرہ رزاق ولدعبدالرزاق گورنمنٹ ہائی ا سکول ہنگنڈی ضلع باگل کوٹ کی طالبہ ہیں۔ تیسرا انعام شگفتہ عبدالقادر دوڈ منی ولد عبدالقادر کو ملا۔ یہ گورنمنٹ ہائی ا سکول کرناولی، ضلع ہاویری کی طالبہ ہیں۔ دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کرنے والی طالبات کو نقد انعامات دیئے گئے۔ مشہور تھیٹر آرٹسٹ ظفر محی الدین کو راجیتسوا ایوارڈ پانے پر تہنیت پیش کی گئی۔ مذکورہ بالا تقریب ایس ایم پنڈت رنگائن تھیٹر گلبرگہ میں منعقد ہوئی جس میں ٹرسٹ کے اراکین شاہین خطیبؔ اور تمکین خطیبؔ نے بھی شرکت کی۔ ڈاکٹر شمیم ثریا معتمد ٹرسٹ نے مہمانان کا خیر مقدم کیا اور جلسہ کی نظامت کی۔ اس موقع پرسلیمان خطیبؔ کے کلام پر مبنی ایک شاندار اسٹیج ڈرامہ پیش کیا گیا۔ ڈرامہ کا نام ان کے مجموعہ کلام کیوڑے کا بن سے ماخوذتھا ۔ یہ ناٹک طنز، مزاح، المیہ، رقص اور موسیقی کا ایک خوبصورت امتزاج رہا۔ اس ڈرامہ کے ہدایت کار علی احمد ہیں اور اسکا منظرنامہ نعیم جاوید نے لکھا ہے۔ موسیقی جسپال سنگھ مونی کی ہے۔ ملک کے ممتاز گلوکاروں نے سلیمان خطیبؔ کا کلام گایا ہے۔ یہ ناٹک محکمہ کنڑا ثقافت، رنگایان کلبرگی کے زیرِ اہتمام منعقد کیے گئے ہمہ لسانی تھیٹر فیسٹیول کے موقع پر سلیمان خطیبؔ ٹرسٹ، رنگائن اور درپن تھیٹر گروپ کے تعاون سے پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر سجاتا جنگم شٹی ڈائرکٹر رنگانیا کلبرگی، پروین پریہ ڈیوڈ ڈپٹی ڈائرکٹر کے،کے،آر،ڈی، شری وئج ناتھ ایس جھڑکی چیف سکریٹری مہاتما گاندھی ویلفیر سوسائٹی، شاہین خطیب، ظفر محی الدین رکن کرناٹک اردو اکیڈیمی، رووف قادری صدر اکھل بھارت اردو منچ، تمکین خطیب، سید شاہ یداللہ حسینی جانشین سجادہ روضہ خرد، شمیم ثریا، فرحان واسطی پروگرام میں شریک تھے۔اس پروگرام میں شہر کے عوام و خواص کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ چار روزہ ڈرامہ فیسٹیوال کا یہ دوسرا دن تھا۔ قبل ازیں رنگائن کی ڈائرکٹر سجاتا جنگم شیٹی نے کہا کہ کلیان کرناٹک کا خطہ گوناگوں تہذیبوں کا گہوارہ ہے، جہاں کنڑ، اردو، مراٹھی اور تلگو زبانیں بولی جاتی ہیںاور یہ کہ زبان، موسیقی اور ادب مذہب اور ذات پات کی حدوں سے ماورا ہوتے ہیں۔بعد ازاں صدر ٹرسٹ تحسین خطیبؔ نے پروگرام کو کامیاب بنانے پر شائقین کا شکریہ ادا کیا۔
