گلبرگہ۔ 7 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) معتبر صحافی ،منفرد شاعر و ادیب جناب عبدالحکیم شاکر کی 55سالہ صحافتی و ادبی خدمات کے ضمن میں سر سید احمد خان اکیڈمی گلبرگہ کے زیر اہتمام 12مارچ بروز اتوار بوقت 11.30بجے دن مغل گارڈن فنکشن ہال ، ٹیپو سلطان چوک ، رنگ ، روڈ گلبرگہ میں جناب حکیم شاکر کو کارنامہ حیات ایوارڈ ، سپاس نامہ اور یاد گاری تحفہ کے ساتھ ایک لاکھ روپئے کیسہ زر پیش کیا جائیگا ۔ایوارڈ ، سپاس نامہ ،یادگاری تحفہ اور کیسہ زر کی پیش کشی بہ دست جناب خلیل مامون سابق صدر کرناٹک اردو اکیڈمی ، بنگلورعمل میں لائی جائیگی ۔ جناب اسد علی انصاری موظف جائینٹ کمشنر ایکسائیز وسرپرست سر سید احمد خان اکیڈمی سپاسس نامہ پیش کریں گے۔ جناب شاہ نواز خان شاہین صدر سر سید احمد خان اکیڈمی جلسہ کی صدارت کریں گے جب کہ محترمہ کنیز فاطمہ رکن اسمبلی گلبرگہ شمال ، ڈاکٹر وہاب عندلیب سابق صدر کرناٹک اردو اکیڈمی ،بنگلور اور جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست، حیدر آباد بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت فرمائیں گے ۔ ممتاز شاعر و ادیب انجنئیر اکرم نقاش خاکہ پیش کریں گے۔ جب کہ ڈاکٹر اطہر معز ایڈیٹر روزنامہ کے بی این ٹائیمز اظہار خیال فرمائیں گے ۔ عہدہ داران و ارکان سر سید احمد خان اکیڈمی گلبرگہ نے معزز شہریان اور ادب دوست حضرات سے اس جلسہ میں شرکت کی درخواست کی ہے۔