گلبرگہ 3ستمبر:(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر کے مصباح نگر علاقہ میں مرچی گودام کے قریب 2ستمبر کی رات ایک مسلم نوجوان کانہایت وحشیانہ انداز میں قتل کردیا گیا ہے۔ مقتول نوجوان کی مدینہ کالونی ، گلبرگہ کے ساکن 25سالہ نوجوان شیخ شفیع اللہ رحمٰن ولد شیخ امجد کی حیثیت سے شناخت کرلی گئی ہے۔ شفیع اللہ کا مارپیٹ اور پتھروں سے کچل کر قتل کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب 24 اپریل2019 کی رات 10.30بجے فیاض شیخ ولد برنی شیخ عرف ہارو ن شیخ کا قتل ہوا تھا ۔ اس وقت دیگر چار افراد پر بھی قاتلانہ حملہ ہوا تھا ۔ اس ضمن میں گلبرگہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن میں مدینہ کالونی کے ساکن شیخ شفیع اللہ رحمٰن کے بشمول ایک اورشخص کے خلاف شکایت درج کروائی گئی تھی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسی واقعہ کے سلسلہ میںیہ نیا قتل ہوا ہے۔ قتل کی اطلاع ملنے پر ضلعی پولیس عہدیدار ونائک پاٹل، ڈی سی پی کشور بابو ، راگھویندر نگر پولیس اسٹیشن کے پولیس سرکل انسپکٹر اور متعلقہ اسٹاف نے مقام قتل پر پہنچ کر تحقیقات کیں۔ راگھویندر نگر پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔
