گلبرگہ میں ڈاکٹر مقصود افضل جاگیردار ایڈوکیٹ کی35 سالہ خدمات کے اعتراف میں تہنیت کی پیشکش

   

گلبرگہ۔ 14 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گلبرگہ کے ممتاز قانون داں ڈاکٹر مقصود افضل جاگیردار کے لیگل کیرئیر کے35سال کی تکمیل پر ا نکے جونیئرس کی جانب سے ایک تہنیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جیورگی روڈ پر واقع ہوٹل موریہ میں اس تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس میں ایڈو کیٹ جاگیردار کی انکے حامیوں ساتھی وکلاء برادری اور انکے عزیز و اقارب نے جم کر گلپوشی اور ان کی قانونی خدمات کی ستائش کی۔ سینئر ایڈو کیٹ کے نعیم احمد تماپوری، ایڈو کیٹ بھیما شنکر، ایڈو کیٹ ایس ایس پاٹل افضلپور اور ایڈوکیٹ جن پور نے اس تقریب میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈو کیٹ جاگیردار نے اس تہنیتی تقریب کے انعقاد پر اپنے جونئرس کا شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے اپنے والد محترم مرحوم خورشید افضل جاگیردار اور اپنے استاد محترم، ایڈو کیٹ سعادت حسین استاد کو یاد کیا اور خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ایڈو کیٹ کے نعیم احمد تماپوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایڈو کیٹ جاگیردار نے اپنے 35سال کے کیرئیر میں 35جونئر وکیلوں کو انھوں نے انکے پاؤں پر کھڑا کیا ہے۔ اس سے انکی عظمت کا بھی پتہ چلتا ہے۔ انھوں نے دونسلوں کو متاثر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ افضلپور میں جامع مسجد کی تزئین نو اور افضلپور میں اپنے ذاتی سرمایہ سے عیدگاہ تعمیر کرکے ایڈو کیٹ جاگیردار نے سماج اور اپنے قوم کے تئیں اپنی ذمہ داری نبھائی ہے جو دوسروں کیلئے قابل تقلید ہے۔ اس موقع پر ایڈو کیٹ ایس ایس پاٹل افضلپور نے کہا کہ اب بھی جب ایڈو کیٹ جاگیردار جرح و بحث کرتے ہیں تو جونئر وکیل انھیں غور سے سنتے ہیں اور نوٹس تیار کرتے ہیں۔ ایڈو کیٹ بھیما شنکر نے ایڈو کیٹ جاگیردار نے نہ صرف بحیثیت وکیل، بلکہ بحیثیت جج، بحیثیت ایک سماجی جہد کار، ایک پولٹیکل تھنکر کے طور پر سماج کو بہت کچھ دیا ہے۔ انکے جونئرس کیلئے یہ قابل تقلید استاد ہیں۔ لنگراج، ایشور، بابا چودھری،راجندر، سردار ایڈو کیٹ نے اس تہنیتی تقریب کا انعقاد کیا تھا۔ تہنیتی تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کیلئے طعام کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اس تہنیتی تقریب میں شرکاء بڑی تعداد دیکھی گئی۔ اس موقع پرضلعی وقف بورڈ کے سابق چیئر مین اسد علی انصاری اور نوجوان کانگریس لیڈر وہاج بابا نے بھی ایڈو کیٹ جاگیردار کو تہنیت پیش کی۔