گلبرگہ میں ڈرینج کے پانی سے عوام پریشان

   


گھر چھوڑنے پر مجبور ،بیماریوں کا خدشہ ، کانگریس قائد الم پربھو پاٹل کا دورہ ، مکینوں سے ملاقات

گلبرگہ ۔ 27 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ممتاز کانگریسی قائد و سابق رکن قانون ساز کونسل مسٹر الم پربھو پاٹل نے کل حلقہ اسمبلی گلبرگہ جنوبی پہنچ کر وہاں کے عوام کی شکایت پر اس علاقے کی گندے پانی کے نالوں ، نالیوں اور پائیپس کے ذریعہ گندا پانی رہائشی مکانات مین داخل ہونے کی شکایت کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر علاقہ کے لوگوں نے بتایا کہ گندے پانی کی نالیوں کے ذریعہ گندا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوجانے کے سبب اس علاقے کے 75خاندان اپنے مکانات چھوڑ کر چلے گئے ہیں اور اس گندگی سے سخت پریشان ہیں ۔ مسٹر الم پربھو نے اس موقع پرشخصی طور پر دتا نگر کا معائنہ کیا جہاں گندے پانی کے گھروں میں داخل ہوجانے کے سبب لوگ سخت پریشان ہیں ۔پیر کے دن انھوں نے ساکنان علاقہ سے بھی تبادلۂ خیال کیا ۔ انھیںبتایا گیا کہ اس علاقہ میں نالیوں اور نالوں کی درستی کا کام ابھی تک نہیںکیا گیا ہے۔ جس کے سبب نالیوں کا پانی گھروں میں داخل ہورہا ہے اور لوگ گندگی سے گھبراکر اپنے گھروں کو چھوڑ کر باہر نکل رہے ہیں اور دوسری جگہ سکونت اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ شکایت کرنے والوں کا کہنا تھا کہ اس معاملہ میں واٹر ڈرینج بورڈ اور سٹی میونسپل کارپوریشن کا عملہ بھی اس گندے پانی کی صحیح سمت میں نکاسی کے لئے ابھی تک یہاں نہیں پہنچا ہے۔ ساکنان کا کہنا تھا کہ علاقہ میں گندے پانی کی بد بو پھیل جانے کے سبب کئی لوگ بخار سے متاثر ہورہے ہیں ۔ اس موقع پر ساکنان محلہ مسرز نیل کنٹھ رائو،چکی ، مہندرا نائیڈو اور دیگر کئی ایک افراد نے مسٹر الم پربھو سے درخواست کی کہ وہ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے خود قیادت کرتے ہوئے سٹی میونسپل کارپوریشن اورواٹر ڈرینج بورڈ کے عہدہ داران سے نمائندگی کریں ۔