گلبرگہ میں کل مفت ووٹر آئی ڈی کیمپ

   

گلبرگہ یکم / اکتوبر : (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ممتاز سماجی خدمت گزار و سابق صدر نشین ضلع وقف مشاورتی کمیٹی ضلع گلبرگہ جناب اسد علی انصاری کے صحافتی بیان کے بموجب عوام الناس کی سہولت کے لئے محترمہ کنیز فاطمہ قمر الالسلام رکن اسمبلی گلبرگہ کی جانب سے مفت الیکشن ووٹر آئی ڈی کارڈ بنانے اور آئی ڈی کارڈ کی تجدید کیلئے ایک ووٹر آئی ڈی کیمپ بمقام گولڈن بڈس اسکول ، نیو بینک کالونی ، بلال آباد ، گلبرگہ یکم اکتوبر سے شروع کیا گیا ہے ۔ اس کیمپ کا باقاعدہ افتتاح رکن اسمبلی گلبرگہ محترمہ کنیز فاطمہ قمر الالسلام کے ہاتھوں 2اکتوبر کو عمل میں لایا جائے گا ۔ یہ کیمپ 3 اکتوبر تک جاری رہے گا ۔کیمپ کے اوقات صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک رہیں گے ۔ جناب اسد علی انصاری نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس کیمپ کو پہنچ کر اپنے ووٹر آئی ڈی کارڈ بنائیں یا ان کی تجدید کروالیں ۔ یہ سہ روزہ کیمپ تین اکتوبر تک جاری رہے گا۔ کیمپ میں عوام کی رہنمائی کیلئے جناب اسد علی انصاری سابق چیرمین ضلع وقف مشاورتی کمیٹی گلبرگہ اور ان کے ساتھ موجود رہیں گے۔ جناب اسد علی انصاری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مفت ووٹر آئی ڈی کیمپ سے بھر پور استفادہ کریں ۔ انھوں نے کہا ہے کہ ووٹر آئی ڈی بنانے کیلئے آدھار کارڈ ، کوئی ایک شناختی کارڈ دو پاسپورٹ سائیز رنگین تصویریں اور حوالہ کیلئے اپنے گھر کے کسی فرد کا پرانا ووٹر آئی ڈی کارڈ ساتھ لانا ضروری ہوگا۔

نظام آباد کو پلاسٹک سے پاک ضلع بنانے کی خواہش
نظام آباد :یکم؍ اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مہاتما گاندھی کی 150جینتی کے موقع پر 2؍ اکتوبر سے نظام آباد ضلع میں پلاسٹک سے پاک ضلع کی حیثیت سے بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی خواہش کی ۔ ضلع کلکٹر مسٹر رام موہن رائو نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی 150 ویں جینتی کے موقع پر اس بات کا عہد کریں کہ روز مرہ کی ضرورتوں میں پلاسٹک کے استعمال سے گریز کریں اور ضلع کو پلاسٹک سے پاک ضلع قرار دینے کیلئے تعاون کریں اور پلاسٹک پر مکمل طور پر امتناع عائد کریں تو بہتر ہوگا۔