ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی صدارت، کنیز فاطمہ ایم ایل اے مہمان خصوصی
حیدرآباد ۔13 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) دین اسلام میں شادیوں میں بیجا اسراف کا کوئی تصور ہی نہیں ہے بلکہ ایک حدیث پاک کا مفہوم ہے کہ نکاح کو آسان اور زنا کو مشکل کردو۔ اگر مسلمان حقیقت میں ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حدیث مبارکہ پر عمل کرنے لگیں تو پھر مسلم معاشرہ میں شادی بیاہ کے مشکل بن جانے کا مسئلہ بآسانی حل ہوجائے گا ۔ اگر مسلمان شادی کی تقاریب میں فضول خرچی اور بے جا رسومات سے اجتناب کرتے ہیں تو اس سے ان ہزاروں لاکھوں لڑکیوں اور ان کے پریشان حال والدین کو راحت ملے گی جو غربت کے باعث ان بیاہی بیٹھی ہیں۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے مسلمانوں میں رشتے بآسانی طئے ہوجانے کے مشن کے طور پر روزنامہ سیاست کے زیر اہتمام دوبدو ملاقات پروگرام کا آغاز کیا اور تاحال 100 سے زائد دوبدو پروگرامس ہوچکے ہیں جس کے ذریعہ ہزاروں رشتے طئے پائے ہیں ۔ بہرحال سیاست اور انڈیا بیت المال کے بیانر تلے گلبرگہ میں 15 ڈسمبر 2019 کو دوبدو ملاقات پروگرام منعقد کیا جارہا ہے ۔ میٹرو فنکشن ہال محمد رفیع چوک رنگ روڈ گلبرگہ میں بروز اتوار صبح 10.30 بجے تا شام 4.30 بجے یہ پروگرام منعقد ہوگا ۔ جناب محمد اعظم علی صدر انڈیا بیت المال اور جناب محمد اقبال علی نائب صدر انڈیا بیت المال کے مطابق اس پروگرام میں گلبرگہ نارتھ کی ایم ایل اے محترمہ کنیز فاطمہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گی ۔ اس دوبدو پروگرام کی صدارت ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کریں گے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 10 ڈسمبر 2019 ء مقرر کی گئی تھی ۔ دوبدو پروگرام میں میڈیسن ، انجنیئرنگ ، ایم بی اے ، ایم سی اے ، پوسٹ گریجویٹ ، بی ایڈ ، گریجویٹ ، انٹر ، ایس ایس سی ، حافظ قرآن ، عالم ، فاضل ، ٹکنیکل اور دیگر صلاحیتوں و قابلیتوں کے حامل ہزاروں لڑکے لڑکیوں کے معیاری رشتے دستیاب ہیں ۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبرات 9845203533, 9916332546, 9591102810 پر ربط پیدا کریں۔