گلبرگہ : کے بی این پی ایل کرکٹ فائنل میں مارکیٹ سوپر کنگس فاتح

   

سجادہ نشین درگاہ بندہ نواز حضرت سید شاہ علی الحسینی، محمد اظہر الدین سابق کپتان اور کنیز فاطمہ رکن اسمبلی کی شرکت
گلبرگہ11فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اپنے شاندار کھیل کی بنا پر مشہور کے بی این پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میاچ میں مارکٹ سوپر کنگس گلبرگہ نے اسٹیشن ایگلس کو5وکٹوں سے شکست دے دی اور پہلی بار کے بی این پی ایل سیزن 7پر قابض ہو گئی۔ایک کم اسکور والے میچ میں مارکٹ کے کھلاڑی ہر شعبے میں چھائے رہے۔مارکٹ کے کھلاڑیوں نے اپنا دبدبہ برقرار رکھا اور ٹورنامنٹ میں نمبر ون پوزیشن پر رہنے والی اسٹیشن ایگلس کے بلے بازوں کو کوئی بڑا سکور کرنے سے روک دیا۔خواجہ بندہ نواز ٹرف گراؤنڈ واقع سید اکبر حسینی آئی سی ایس ای اسکول کیمپس سنگتراش واڑی گلبرگہ پر کھیلے گئے اس شاندار ڈے اینڈ نائٹ فائنل میں جس میں شائقین کرکٹ سے سارے نو اسٹینڈس کھچا کھچ بھرے ہوئے تھے،ایگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کا یہ فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب صرف 9رنوں کے مجموعی اسکور پر اس کا پہلا وکٹ گرا۔کیدارناتھ پنیت کمار کی ایک گیند کو جو نیچی رہ گئی تھی اٹھا کر مارنے کے چکر مین مکمل طور پر چکمہ کھاگئے اور بولڈ ہو گئے۔ٹیم کے قابل بھروسہ اوپنر راہل انجلکر بھی تیزی سے رن بنانے کے چکر میں رن آؤٹ ہوگئے اور اس طرح ایگلس کو بڑا دھچکہ لگا۔ انجلکر نے 13رنز بنائے۔لیکن مڈل آرڈر کے اسٹائلش بلے باز یونس علی بیگ اور ہریش جے کے کے سستے میں آؤٹ ہونے کے بعد ایگلس کی رنوں کی رفتار میں خاصی تیزی آئی اور یوں ایگلز کی ٹیم پاور پلے کا خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھاسکی۔ایگلس نے مقررہ بیس اوور میں 8وکٹس کھو کر 125رنز بنائے۔سنتوخ سنگھ کو دو پنیت کمار،ساحل شرما اور مادھو بجاج کو ایک ایک وکٹ ملا۔جواب میں مارکٹ سوپر کنگس کی شروعات بھی کچھ خاص نہیں رہی اور انوراگ اور لکشمی کانت جلد ہی آؤٹ ہوئے اور انھوں نے علی الترتیب ایک اور تیرہ رنز اسکور کیے۔ دھیمی وکٹ پر کم اسکور کا تعاقب کرنے میں مارکٹ سوپر کنگس کے بلے بازوں کو بھی کافی مشکلات پیش آئیں۔وجئے راج نے 36رنز بنائے فیضان خان کی صبر و تحمل کی اننگز کی بدولت مارکٹ سوپرکنگس نے مطلوبہ نشانے کو 18.5اوورس میں 5وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔فیضان خان نے 42 ناٹ آؤٹ رنز بنائے مادھو بجاج نے 13رنز بنائے اور اجئے گوڑا چار رنوں پر ناٹ آؤٹ رہے۔جلسہ تقسیم انعامات میں کرکٹر محمد اظہر الدین برانڈ ایمبسڈر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی گلبرگہ، کونیکا سیکریوال ڈی ایس پی گلبرگہ، کنیز فاطمہ رکن اسمبلی گلبرگہ حلقہ شمال، فراز الاسلام،مظہر عالم خان کڈا صدر نشین،سید یداللہ حسینی،اور سدھیندر شندے،پروفیسر اے ایم پٹھان سکریٹری جنرل خواجہ ایجوکیشن سوسائٹی، جناب سید شاہد قادری ودیگر مدعو تھے۔ مولوانا سید محمد علی الحسینی سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ، ڈاکٹر سید مصطفی الحسینی ڈائریکٹر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی، ڈاکٹر ایم اے بصیر،حضرت سید محمد سید حسینی خلف اکبر حضرت سجادہ نشین،حضرت سید عالم حسینی خلف اصغر حضرت سجاد ہ نشین،حضرت سید ولی حسینی،حضرت سید واعظ حسینی،سیدہ بی بی فریہ،جناب میر صدر الدین علی خان ، جناب میر روف علی خان ، حضرت سید مرتضی الحسینی ، خانوادہ بندہ نواز کے دیگر شہزادگان،محکمہ پولس کے اعلیٰ عہدیداران،و دیگر سیاسی، سماجی میڈیا کی مقتدر شخصیات موجود تھیں۔مارکٹ سوپرکنگس کو جیت کی 7لاکھ روپے نقد انعام ٹرافی مہمانان کے ہاتھوں دی گئی۔ جیتنے والی ٹیم کے کپتان ڈاکٹر خسرو احمد انصاری نے جیسے ہی ٹرافی اٹھائی آتش بازیوں اور بینڈ باجوں کی آوازوں سے میدان گونج اٹھا۔اسٹیشن ایگلزجو اس ٹورنامنٹ کے رنرس اپ رہی اس کو 3.5 لاکھ روپے ملے۔مین آف دی میچ سنتوخ سنگھ کو قرار دیا گیا اور انھیں پانچ ہزار روپے انعام دیا گیا۔فیضان خان کو برانڈڈ ٹی شرٹ دی گئی۔پنجاب بوٹ ہاؤز کی جانب سے سید عالم حسینی،سید ولی حسینی،سید محمد سید حسینی اور عمران خان کو ایوارڈ دیا گیا۔فیضان خان کو بسٹ کیچ آف دی ٹورنامنٹ ایوارڈ 5ہزار روپے دیا گیا۔بسٹ فیلڈر آف دی ٹورنامنٹ شیوم ایم بی کو ایوارڈ دیا گیا۔ حضرت سید محمد علی الحسینی نے کہا کہ جس طرح آپ حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینیؒ کی کمی کو محسوس کررہے ہیں اور ان ہی کی رہنمائی میں ہم نے چھ ٹورنامنٹ منعقد کیے تھے۔ آپ نے کہا کہ میرے والد نے فلڈ لائٹس کی تنصیب کے حوالے سے فرمایا تھا کہ اگر کوئی کام آپ کرنا چاہتے ہیں تو اس کو اس کے اعلیٰ ترین معیار کے مطابق کیجیے۔ حضرت سجادہ نشین نے کہا کہ حضرت غفران مآب ہر کام پوری توجہ اور مہارت سے کرنے کے عادی تھے اور ہر کام کے کرنے سے قبل اس کے ہر پہلو پر غور کرتے تھے۔محمد اظہر الدین نے کہا کہ دونوں ٹیموں نے کافی اچھا کھیلا اور انھوں نے اپنی جانب سے بہترین کرکٹ پیش کی۔انھون نے اس میدان مین فراہم کردہ سہولتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال اس میدان پر نئے نئے سہولتوں کو متعارف کروایا جارہا ہے اور یہاں پر کسی بھی بین الاقوامی ٹورنمنٹ میں موجود سہولتوں سے یہاں کی سہولتیں کم نہیں ہیں۔انھوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کو میں مبارک باددیتا ہوں اور توقع کرتا ہوں کہ وہ مستقبل میں بھی یوں ہی کھیلتے رہیں گے۔ رکن اسمبلی کنیز فاطمہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس مرتبہ حضرت سجادہ نشین صاحب مجھے بہت یاد آرہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ جس خوبی سے اس ٹورنامینٹ کو انھوں نے منعقد کیا ہے وہ قابل مبارک باد ہے اور انھوں نے جیتنے والی ٹیموں کو مبارک باد دی۔